جرمنی کے شہر برلن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی دنیا کی ایک بڑی نمائش جائے ٹیکس (GITEX) میں پہلی مرتبہ پاکستان کی 150 سے زائد نجی آئی ٹی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔
21 سے 23 مئی 2025 کے دوران جاری رہنے والی اس نمائش میں سو ممالک سے تقریباً چھ ہزار مندوبین جبکہ سو سٹارٹ اپس شریک ہیں۔
جائے ٹیکس میں ایک ہزار 420 سپیکرز مختلف اوقات میں مختلف پلیٹ فارم سے بات کریں گے ۔
نمائش میں پاکستانی پویلین کا افتتاح جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے کیا۔
اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان کے ڈیجیٹل سیکٹر کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور یہاں ہماری موجودگی ملک کی بڑھتی ہوئی جدید صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
’یہ پلیٹ فارم تجارت سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داری کے نئے مواقع بھی فراہم کرتا ہے مجھے امید ہے کہ پاکستان آنے والے دنوں میں ان سہولیات سے مستفید ہو گا۔‘
جائے ٹیکس یورپ 2025 میں پاکستان پویلین ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی مشترکہ پیشکش کے طور پر قائم کیا گیا ہے جس میں 20 کمپنیوں کو پی ایس ای بی اور ٹی ڈیپ کے ذریعے براہ راست تعاون حاصل ہے۔
یورپ میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کی جا رہی ہے، جس میں 150 سے زیادہ نجی پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نمائش میں شریک پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندے شہباز حمید نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا برآمدی بجٹ ہے ہر سال بڑھ رہا ہے۔ رواں سال کے اختتام تک چار بلین ڈالر سے زائد برآمدات کی جائیں گی۔
’جائے ٹیکس جیسے ایونٹس مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری اور معاہدے کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں تاکہ ہم اپنے کاروبار کو توسیع دے سکیں۔‘
پاکستان کی جانب سے نمائش میں شریک ویلیکس ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے حمزہ اسرار کا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ جائے ٹیکس میں ہمارا پہلا تجربہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ سب کے لیے بہتری لائے گا۔
’ہم بھی یہاں اپنی ایپلیکیشن لے کر آئے ہیں جو کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ہے۔‘
پاکستانی کمپنیاں نمائش میں اے آئی سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، کلاؤڈ سروسز، فنانس ٹیکنالوجی، گیمنگ اور سائبر سکیورٹی جیسے شعبوں میں اپنی اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں ۔
مجموعی طور پر اس مرتبہ جائے ٹیکس میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، فنانس اینڈ ڈیجیٹل ایسٹس، گرین ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی پائیداری، انڈسٹری فور پوائنٹ زیرو اور آٹو ٹیک اور انٹیلی جینس کریٹیوٹی جیسے موضوعات سرفہرست ہیں۔