پاکستان، ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹرز کا ٹاکرا آج

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 برس بعد پاکستان آئی ہے جسے ملک میں بین القوامی کرکٹ کی واپسی کی جانب ایک اور قدم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

سیریز کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ کراچی کی کلفٹن بیچ میں تصاویر بنوائیں۔ 

پاکستان خواتین کی کرکٹ ٹیم کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آج پہلا مقابلہ ساوتھ اینڈ کلب میں کر رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت ستائیس سالہ بسمہ معروف کر رہی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم یہ سیریز کھیلنے کے لیے کراچی گزشتہ دنوں پہنچ گئی تھی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا اور انہیں ہار پہنائے تھے۔

مہمان ٹیم کے لیے خصوصی وی وی آئی پی سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے اور تقریبا پانچ سو پولیس اہلکاروں نے ٹیم کی آمد پر ان کا ہوائی اڈے سے ہوٹل تک ساتھ دیا۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 برس بعد پاکستان آئی ہے جسے ملک میں بین القوامی کرکٹ کی واپسی کی جانب ایک اور قدم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ یہ مقابلہ ٹویٹر پر ٹرینڈ بھی کر رہا ہے۔ 

صحافی عائشہ ٹمی حق نے ایک ٹویٹ میں بین القوامی کرکٹ کی کراچی واپسی پر مسرت کا اظہار کیا۔

پاکستان روانگی سے قبل دبئی میں کیریبئن ٹیم کی کپتان میریسا ایگولیرا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ہماری ٹیم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا، کسی ٹیم کو تو ابتداء کرنی تھی اور ہماری ٹیم نے یہ قدم اٹھایا‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کی ٹیم مضبوط ہے اور ہم انہیں آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کےدرمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی یکم فروری اور تیسرا 3 فروری کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

اس سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7، 9 اور 11 فروی کو ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔

اس سے قبل مارچ/ اپریل 2014 میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز اور سات ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز تو برابر رہی تھی تاہم ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دی تھی۔

سیریز کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ کراچی کی کلفٹن بیچ میں تصاویر بنوائیں۔ دونوں نے اونٹ پر سواری بھی کی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل