برطانوی یوٹیوبر اور کامیڈین میکس فوش نے پرواز منسوخ ہو جانے کے بعد ایئرلائن سے 50 ڈالر کی رقم واپس لینے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور پیسے واپس لینے کے لیے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا۔
30 سالہ برطانوی سوشل میڈیا سٹار، جن کے فالوورز کی تعداد تقریباً 50 لاکھ ہے، نے اپنے اس پیچیدہ منصوبے کی تفصیل پیر کو اپ لوڈ ہونے والی ایک ویڈیو میں بیان کی، جسے 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
فوش نے ’میں تکنیکی اعتبار سے مر گیا‘ کے عنوان سے اپنی ویڈیو میں کہا: ’میں یہ مشن اس لیے شروع کر رہا ہوں کیوں کہ میں بہت چھوٹی چھوٹی باتوں پر اَڑ جاتا ہوں۔ یہ وہ اصول ہے جس کے ساتھ میں کسی بھی معاملے کو دیکھتا ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ دو ماہ پہلے انہوں نے ایک فلائٹ بک کرائی لیکن آخر کار وہ اس میں سوار نہیں ہو سکے اور جب انہوں نے رقم واپس لینے کی کوشش کی تو انہیں پتہ چلا کہ ’فضائی کمپنیاں ایک غیر متوقع قانونی شق استعمال کرتی ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ نقصان اٹھاتے ہیں۔‘
میکس فوش نے بتایا کہ ’فضائی کمپنی صرف اسی صورت میں رقم واپس کرتی ہے جب مسافر وفات پا جائے، اس لیے مجھے مرنا پڑا۔ یہ ایک داستان ہے کہ میں کیسے کسی دوسرے ملک گیا۔ اپنی ہی آخری رسومات ادا کیں اور قانونی طور پر مردہ قرار پایا۔ سب کچھ صرف اس لیے کیا کہ بڑی فضائی کمپنی سے 37.28 پاؤنڈ (تقریباً 50 ڈالر) واپس لے سکوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی غیر ملکی حکومتوں سے رابطہ کیا، پھر آخرکار انہیں اٹلی کی سرحد کے قریب واقع ایک چھوٹے سے گاؤں سیبورگا، جو اپنے آپ کو خود مختار علاقہ کہلاتا ہے اور مغربی سرحد کے قریب ہے، سے جواب ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک آزاد ملک کی طرح اس قصبے کا اپنا جھنڈا، کرنسی اور حکومت ہے۔ اگرچہ اسے باقاعدہ آزاد ملک تسلیم نہیں کیا گیا، لیکن سیبورگا اور اس کے لوگ ہر روز اپنی آزادی اور قانونی حیثیت کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔‘
اگرچہ انہوں نے فضائی کمپنی کا نام نہیں لیا لیکن بتایا کہ ان کی جدوجہد ’شاید شہزادی اور سیبورگا کی آزادی کی جدوجہد سے میل کھا گئی، اس لیے شہزادی نے خاص طور پر ایک مرتبہ کے لیے موت کا خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گاڑی کے ذریعے گاؤں پہنچنے کے بعد، وہ سفارتی دورے کے بہانے شہزادی نینا مینے گیٹو سے ملے۔
جریدے ’پیپل‘ کو دیے گئے بیان میں سیبورگا کے نمائندے نے تصدیق کی کہ شہزادی نینا مینے گیٹو نے ’انہیں اپنے قابل فخر علاقے کی سیر کروائی۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’جہاں تک موت کے سرٹیفکیٹ کا تعلق ہے، ہم نے میکس فوش کے خیال میں حصہ لیا اور صرف تفریح یا کانٹنٹ کے مقصد سے ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ تعاون کیا۔‘
اس عمل کو مزید قابلِ یقین بنانے کے لیے میکس فوش نے اپنی آخری رسومات کا بھی اہتمام کیا، جس میں تین ’سوگوار‘ شریک ہوئے۔
پھر انہوں نے تمام ضروری دستاویزات، بشمول موت کا سرٹیفکیٹ، رقم کی واپسی کی درخواست کے ساتھ جمع کروا دیں۔ فوش کے بقول: ’مجھے امید ہے کہ (فضائی کمپنی) کو اس طرح کی کافی درخواستیں موصول ہوتی ہیں اور وہ اسے (ان کی درخواست) کو زیادہ دیر تک نہ دیکھ پائے۔‘
پانچ دن بعد، انہیں ایئر لائن کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں درخواست پر کارروائی جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔
انہوں نے حیرت کے ساتھ کہا کہ ’یہ کامیاب ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان سے بینک کی تفصیلات مانگی گئیں۔
آگے بڑھنے سے پہلے، میکس فوش نے اپنے وکیل سے مشورہ کیا، جس نے انہیں اس درخواست کو آگے بڑھانے سے منع کر دیا۔
ان کے وکیل نے ویڈیو میں انہیں بتایا: ’یہ دھوکہ نہیں لیکن اس میں دھوکے کا عنصر ضرور ہے۔ میں عام حالات میں آپ کو ایسا کرنے دیتا، لیکن اس بار مجھے واقعی روکنا پڑے گا۔‘
میکس فوش نے وضاحت کی کہ چوں کہ ان کی اپنی رقم واپس آ رہی تھی، اس لیے یہ تکنیکی طور پر فراڈ نہیں تھا، تاہم انہوں نے آخرکار اپنے وکیل کی پختہ نصیحت مان لی کہ ’آپ کو اس رقم کی واپسی کا دعویٰ نہیں کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے اپنے ناظرین کو خبردار کیا کہ وہ اس طریقے کو آزمانے کی کوشش نہ کریں۔
میکس فوش، جو 2017 سے یوٹیوب ویڈیوز بنا رہے ہیں، اپنی مزاحیہ ویڈیوز کے لیے مشہور ہیں، جن میں کرتب، سماجی تجربات اور طنز یکجا ہوتے ہیں۔
© The Independent