ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں پیر کی شب پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں کہا کہ اسرائیل سے جنگ میں پاکستان نے جس طرح ساتھ دیا اسے ’وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کے لیے تہران کے دورے پر ہیں۔
پاکستانی وزارت داخلہ سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ایرانی صدر اور محسن نقوی کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ ان کا ملک ’پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
’پاکستان نے جنگ کے دوران جس طرح ساتھ دیا وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔‘
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی ہر فورم پر پُر زور مذمت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی پارلیمنٹ نے سب سے پہلے ایران پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی اور ایران کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون کو وسیع کرنے کے لیے سفارتی تبادلوں اور تعمیری مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی صدر نے کہا ہے کہ ’دونوں ممالک کے پاس تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔‘
گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں علما کے ایک اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ایران کی کامیابی اور سیز فائر میں وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا کردار ہے اور اس کے پیچھے بھی وردی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’جس طرح عالمی رہنماؤں کو قائل کیا گیا ہے اور جس طرح یہ معاملہ انجام کو پہنچا ہے، اس میں ہمارے رہنماؤں کا کردار ہے۔‘