9 مئی مقدمات: اپوزیشن لیڈر پنجاب اور دو ایم این ایز سمیت 39 افراد کو 10، 10 سال قید سزا

قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی گرفتاری کے بعد 10 مئی 2023 کو لاہور میں زمان پارک کے باہر مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو نذر آتش کیا (اے ایف پی)

پنجاب کے شہر سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی 2023 کو میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں منگل کو پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر، رکن قومی اسمبلی احمد چھٹہ اور بلال اعجاز سمیت 39 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

دوسری طرف لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تھانہ سرور ٹاؤن میں درج پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت منگل کو مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

سرگودھا کی عدالت میں چھ مقدمات زیر سماعت ہیں، جن میں سے (آج منگل کو) ایک کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پانچ مزید کیسوں کی سماعت بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں نو مئی کے مقدمات کی سماعت بھی مکمل ہونے کو ہیں۔ جس پر فیصلہ کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے۔ اس مقدمے میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت کئی دوسرے رہنما اور کارکن نامزد ہیں۔

سرگودھا میں جس مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا اس میں اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر ملزمان ضمانت پر تھے لیکن اب انہین گرفتار کر کے جیل بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل مقصود بٹر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف نو مئی کے تمام مقدمات سیاسی طور پر بنائے گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سے جاری ان فیصلوں میں بہت سی قانونی خامیاں ہیں۔ استغاثہ کسی بھی مقدمے میں ثبوت یا ٹھوس شہادتیں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان فیصلوں کو ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقصود بٹر کے بقول ’تحریک انصاف کے کم و بیش 52 اراکین اسمبلی نو مئی کے مقدمات میں ملوث کیے گئے ہیں۔ لہذا ان فیصلون کے ذریعے پی ٹی آئی حمایت یافتہ ممبران اسمبلی کو نااہل کرنا مقصد ہے، جن کو سزائیں سنائی جارہی ہیں۔ اب الیکشن کمیشن ان کی نااہلی کے نوٹیفکیشن جاری کرنا شروع کر دے گا۔‘

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

‏انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’عدالت سے ‏تحریری فیصلہ موصول ہونے کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع کروں گا۔‘

 نو مئی 2023 عمران خان کی اسلام آباد سے گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے، جس کے بعد بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے گئے اور گرفتاریاں کی گئی تھیں۔

پی ٹی آئی قیادت اور رہنماؤں سمیت سینکڑوں کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ سب سے زیادہ مقدمات پاکستان کی مختلف چھاؤنیوں میں توڑ پھوڑ کے درج ہوئے ہیں، جب کہ 102ملزمان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے کے بعد فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست