وزیراعظم نے ایف بی آر میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

26 جولائی 2025 کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کا ایک منظر (حکومت پاکستان ایکس اکاؤنٹ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جدید اور عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل ایکو سسٹم قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اس سلسلے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ اصلاحات کی بدولت معیشت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر کے ڈیٹا کو مرکزی طور پر یکجا کرنے اور ویلیو چین کی ریئل ٹائم نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ڈیجیٹل ایکو سسٹم ایک دوسرے سے جڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ٹولز اور خدمات کا ایک نیٹ ورک ہے، جو صارفین کو ہموار تجربہ فراہم کرنے اور تعاون کو آسان بنانے کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ صرف ڈیجیٹائزیشن ہی نہیں بلکہ جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم قائم کیا جائے تاکہ نیا نظام مضبوط ہو سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خام مال کی پیداوار اور درآمد سے لے کر اشیا کی تیاری اور صارفین کی جانب سے خریداری تک تمام متعلقہ ڈیٹا کو ایک ہی سسٹم میں یکجا کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سسٹم اتنا مؤثر بنایا جائے کہ پوری ویلیو چین کی رئیل ٹائم ڈیجیٹل نگرانی ممکن ہو سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت مرکزی طور پر یکجا کیا گیا ڈیٹا معاشی اور سٹریٹیجک فیصلوں میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ عام آدمی کے لیے ٹیکسوں میں کمی کا ہدف اسی صورت حاصل ہو سکتا ہے جب ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے اور غیر رسمی معیشت کو ختم کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، چیف کوآرڈی نیٹر مشرف زیدی، معاشی ماہرین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان