پاکستان کی غزہ کے لیے 100 ٹن ضروری امدادی سامان کی ترسیل

پاکستان کی طرف سے غزہ کو بھیجی جانے والی انسانی ہمدردی کی مجموعی امداد اب 17 قافلوں تک پہنچ گئی ہے، جو 1,715 ٹن امدادی سامان بنتا ہے۔

پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ نے کہا کہ فلسطین کے لیے 100 ٹن امداد سامان پیر کو روانہ کیا جا رہا ہے۔

غزہ میں تباہ کن انسانی صورت حال کے باعث بڑھتے ہوئے اسرائیل کو بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے جہاں متعدد ممالک اور امدادی تنظیمیں پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ غزہ میں ’شدید قحط‘ پھیل رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے گذشتہ جمعے کو کہا تھا کہ 27 مئی سے اب تک تقریباً 1,400 فلسطینی غزہ کی پٹی میں امداد کے انتظار میں اپنی زندگی کھو بیٹھے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ ایک خصوصی ریلیف پرواز ’65 ٹن ڈبہ بند خوراک، 20 ٹن خشک اور بچوں کا دودھ، 5 ٹن بسکٹس اور 10 ٹن ادویات لے کر پیر کو اسلام آباد سے عمان روانہ ہوگی۔

بین الاقوامی تنظیمیں کئی مہینوں سے اسرائیلی حکام کی طرف سے غزہ میں امداد کی تقسیم پر عائد پابندیوں کی مذمت کر رہی ہیں، جن میں بارڈر کراسنگ پرمٹس جاری نہ کرنا، کسٹم کلیئرنس میں تاخیر، محدود رسائی کے پوائنٹس، اور خطرناک راستے مسلط کرنا شامل ہیں۔

اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے غزہ کو بھیجی جانے والی انسانی ہمدردی کی مجموعی امداد اب 17 قافلوں تک پہنچ گئی ہے، جو 1,715 ٹن امدادi سامان بنتا ہے۔

 

این ڈی ایم اے کے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ مسلسل کوششیں پاکستان کے غزہ کے عوام کے لیے یکجہتی کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں اور یہ کوششیں مقامی اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو بھی ظاہر کرتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ’آئندہ دنوں میں دوسری (مزید ایک) پرواز روانہ ہونے کے بعد یہ (غزہ کے لیے بھیجی جانے والی مجموعی امداد 1,815 ٹن تک پہنچ جائے گی۔‘

نائب وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کی مؤثر ہم آہنگی کو سراہا اور الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر شراکت دار این جی اوز کی انتھک انسانی ہمدردی کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور حالات کے مطابق اپنی امدادی کارروائیاں بڑھائے گا۔

اس موقع پر  فلسطینی سفیر نے مشکل وقت میں غزہ اور فلسطین کے جنگ زدہ عوام کی مدد پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان