ایف سی کی گاڑی پر حملہ، چار اہلکار جان سے گئے: کرک پولیس

پولیس کے مطابق ایف سی اہلکار گرگری آئل فیلڈ میں کمپنی کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور تھے، جن کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پاکستانی فوج کے اہلکار 17 جنوری 2025 کو خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں کشیدگی کے دوران ایک سڑک پر تعینات ہیں (اے ایف پی)

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس کے مطابق بدھ کو فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت تین اہلکار جان سے چلے گئے۔

کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں گرگری تھانے کے حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے اسی تھانے کے ایک اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ایف سی اہلکار گرگری آئل فیلڈ میں کمپنی کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور تھے۔

اہلکار نے بتایا کہ ’ڈیوٹی کے دوران ان کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت ان کا ڈرائیور بھی جان سے چلا گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

کرک کے علاقے گرگری میں تیل و گیس کے ذخائر 2002 میں دریافت ہوئے تھے اور 2005 سے باقاعدہ اس کی کھدائی پر کام شروع کیا گیا تھا، جہاں سے پورے ملک کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے پہلے بھی کرک، ہنگو اور وزیرستان میں تیل و گیس کے ذخائر پر مامور گارڈز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ بعض واقعات میں گیس پائپ لائنوں کو بھی بم سے اڑانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی خصوصاً جنوبی اضلاع میں گذشتہ کچھ عرصے سے امن و امان کی صورت حالت خراب ہے اور شدت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں۔

وزیرستان، ضلع خیبر اور باجوڑ میں بعض مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرفیو بھی لگایا جاتا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے گذشتہ روز پشاور پریس کلب میں صحافیوں کو بتایا کہ باجوڑ میں بعض مقامات پر پراونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے خیمے اور دیگر ضروری سامان بھی بھجوائے گئے ہیں تاکہ ضرورت کے وقت استعمال کیے جا سکیں۔

تاہم بیرسٹر سیف کے مطابق کسی بھی علاقے میں کسی بڑے آپریشن کا ارادہ نہیں ہے بلکہ مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان