پنجاب میں 13 اگست سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا: پی ڈی ایم اے

پی ڈی ایم اے نے بدھ (13 اگست) سے صوبے کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال کی پیشن گوئی کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کی ہدایات جاری کی ہیں۔

3 اگست 2025 کو لاہور میں شدید بارش کے بعد سڑک پر کھڑے پانی میں اپنے خاندان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گزر رہا ہے (عارف علی / اے ایف پی)

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پروونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بدھ (13 اگست) سے صوبے کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال کی پیشن گوئی کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پیر کو جاری ہونے والی ایڈوائزری میں پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بدھ سے دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی مقدار میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری میں کہا کہ مون سون بارشوں کا  ساتواں سلسلہ 13 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق قدرتی آفات سے نمٹنے کے ذمہ دار صوبائی ادارے نے پنجاب کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ ’لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آب پاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔‘

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بیان میں متعلقہ سرکاری محکموں کو متوقع سیلابی صورت حال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ 

انہوں نے محکموں کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھنے کے علاوہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔‘

عرفان کاٹھیا نے سرکاری محکموں کو مزید ہدایت دی کہ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، جب کہ  دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے بھی سرکاری محکموں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی استدعا کی۔

عرفان کاٹھیا نے لوگوں کو دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ہنگامی انخلا کی سورت میں انتظامیہ سے تعاون کی اپیل بھی کی۔ 

بیان میں بتایا گیا کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان