چین میں حکومت نے اپنی معمول کی ویزا کیٹیگریز میں ’کے‘ ویزا شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جو اہل پیشہ ور نوجوان سائنسی و تکنیکی افراد کے لیے دستیاب ہوگا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شِنہوا کی ایک خبر کے مطابق وزیراعظم لی چِیانگ نے اس سلسلے میں بیرونِ ملک آمد و رفت کے انتظام کے ضوابط میں ترمیم کے فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے سٹیٹ کونسل کے فیصلے پر دستخط کر دیئے ہیں۔
کے ویزا کے امیدواروں کو متعلقہ چینی حکام کی جانب سے مقرر کردہ قابلیت اور شرائط پوری کرنی ہوں گی اور انہیں معاون دستاویزات جمع کروانی ہوں گی۔ نئے قواعد یکم اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوں گے۔
حکام نے بیجنگ میں جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ موجودہ 12 معمول کے ویزا اقسام کے مقابلے میں کے ویزا ہولڈرز کو متعدد داخلی اندراجات، ویزا کی مدت اور قیام کی طوالت کے حوالے سے زیادہ سہولت فراہم کرے گا۔ چین پہنچنے کے بعد کے ویزا ہولڈرز تعلیم، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تبادلے کے ساتھ ساتھ متعلقہ کاروباری اور معاون سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔
مخصوص عمر، تعلیمی پس منظر اور پیشہ ورانہ تجربے کی شرائط کے علاوہ کے ویزا کے لیے درخواست میں کسی مقامی آجر یا ادارے کی جانب سے دعوت نامہ لازمی نہیں ہوگا اور درخواست کے عمل کو بھی زیادہ آسان بنایا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں کہا گیا، ’چین کی ترقی کے لیے دنیا بھر کے ٹیلنٹس کی شرکت ضروری ہے، اور چین کی ترقی انہیں مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حکام کے مطابق یہ فیصلہ نئے عہد میں چین کی افرادی قوت کی ترقیاتی حکمتِ عملی کو مزید عملی جامہ پہنانے، غیر ملکی نوجوان سائنسی و تکنیکی ٹیلنٹس کی چین آمد کو آسان بنانے اور نوجوان سائنسی و تکنیکی پیشہ وران کے درمیان بین الاقوامی تعاون و تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے لیا گیا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب چین نے حالیہ برسوں میں بین الاقوامی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے ویزا قواعد میں آسانی پیدا کرنے کی کوشش جاری رکھی ہوئی ہے۔ جولائی کے اختتام تک چین نے 75 ممالک کے ساتھ یکطرفہ ویزا فری داخلہ یا باہمی ویزا معافی کے معاہدات قائم کیے ہیں۔
نرمی شدہ ویزا ضوابط — خاص طور پر ویزا فری سفر پروگرامز کی توسیع — کے نتیجے میں چین میں آنے والے بین الاقوامی باشندوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے پہلے چھ ماہ میں غیر ملکی شہریوں نے کل 38.05 ملین بار چین کا سفر کیا جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 30.2 فیصد کا اضافہ ہے۔
ان میں سے 13.64 ملین سفر ویزا فری داخلوں پر مشتمل تھے جو پچھلے سال اسی عرصے کے مقابلے میں 53.9 فیصد زیادہ تھے۔