پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری کے درمیان بدھ کو ڈھاکہ میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بدھ کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ہم منصب نے خیرمقدم کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بعد میں دونوں ممالک کے وزرا داخلہ نے ملاقات میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری دینے کا اصولی فیصلہ کیا۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
محسن نقوی اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری کی ملاقات میں انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت بھی ہوئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی (محسن نقوی) کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ کا دورہ پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطح وفد جلد سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش میں اگست کے بعد سے رابطے بڑھنا شروع ہوئے اور اسی سلسلے میں بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے اپنے وفد کے ہمراہ 15 جنوری کو پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے راولپنڈی جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔
یہ بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسر کا کئی دہائیوں بعد پاکستان کا دورہ تھا۔
اس کے علاوہ رواں سال مارچ میں جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات ہوئی تھی جس میں پاکستان کی طرف سے تجارت اور دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔