نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے انڈین شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ امریکی سرزمین پر سنگین جرائم کے مرتکب ہوئے تو ان کے امریکی ویزے منسوخ ہو سکتے ہیں۔
یہ ایڈوائزری اس واقعے کے چند روز بعد جاری کی گئی جب الینوئے کے ٹارگٹ سٹور سے تقریباً 1300 ڈالر مالیت کی اشیا مبینہ طور پر چوری کرنے کی انڈین خاتون کی پولیس باڈی کیم فوٹیج انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی۔
مذکورہ خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، نے نارمل نامی قصبے میں واقع اس سٹور میں کئی گھنٹے گزارے اور پھر اشیا جمع کر کے باہر نکلنا چاہا جس پر سٹور کے ملازمین نے انہیں روکا اور پولیس کو بلا لیا۔
یکم مئی کو پیش آنے والے اس واقعے کو اس وقت زیادہ توجہ ملی جب موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کی باڈی کیم فوٹیج یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی۔
ویڈیو میں سٹور کے ایک ملازم پولیس اہلکاروں سے کہتے سنائی دیتا ہے کہ ’بنیادی طور پر ہم اس لڑکی کو چار گھنٹے سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بہت ساری مختلف چیزیں اٹھائی ہیں۔ ہم آپ کے لیے کل مالیت کا حساب لگا رہے ہیں۔ یہ یقینی طور پر 500 (ڈالر) سے زیادہ کی ہوں گی۔‘
ملزم خاتون، جو نیلی شرٹ میں بیٹھی ہیں، درمیان میں بول پڑتی ہیں: ’نہیں، اس سے بھی زیادہ ہو گا۔‘ سٹور کا ملازم جواب دیتا ہے: ’آپ بالکل صحیح کہہ رہی ہیں۔‘
ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکاروں کے سامنے التجا کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ ان کا ارادہ ادائیگی کرنے کا تھا اور معاملہ مزید کارروائی کے بغیر حل کرنے کی درخواست کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’سنیے میں کسی مصیبت میں نہیں پڑنا چاہتی۔‘
پولیس افسر جواب دیتی ہیں کہ ’اس کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے لڑکی‘ اور خاتون سے پاسپورٹ نکالنے کا کہتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خاتون کہتی ہیں کہ ’میں واقعی معذرت خواہ ہوں۔ میں اس کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
خاتون کو ہتھکڑی لگا کر تھانے لے جایا گیا۔ ویڈیو میں ایک خاتون پولیس افسر پوچھتی ہیں کہ ’کیا انڈیا میں چوری کی اجازت ہے؟ میرا خیال ہے نہیں۔‘
پولیس اہلکار فوٹیج میں کہتے ہیں کہ خاتون پر سنگین نوعیت کے الزامات لگ سکتے ہیں، تاہم خبر کی اشاعت کے وقت تک ان کی باقاعدہ گرفتاری نہیں ہوئی تھی۔
اس واقعے کے بعد انڈیا میں امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر ایک عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا: ’امریکہ میں تشدد، چوری یا نقب زنی جیسے جرائم کرنے سے صرف قانونی مسائل ہی پیدا نہیں ہوں گے بلکہ آپ کا ویزا بھی منسوخ ہوسکتا ہے اور آپ آئندہ امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔ امریکہ قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے اور غیر ملکی سیاحوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ تمام امریکی قوانین کی پابندی کریں۔‘
اگرچہ امریکہ میں سٹور سے چوری عام طور پر ریاستی قوانین کے تحت قابلِ سزا ہوتی ہے، تاہم چوری شدہ سامان کی مالیت یا جرم کی نوعیت کے مطابق وفاقی الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی قوانین میں چوری کی مختلف صورتوں کے لیے کوئی ہتھیانا، خوردبرد اور نقب زنی جیسی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں، جنہیں وفاقی اور ریاستی دونوں قوانین کے تحت دیکھا جاتا ہے۔
© The Independent