کوکا کولا امریکہ میں گنے کی چینی استعمال کرے گی

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ بیوریج کی بڑی کمپنی کوکا کولا نے اتفاق کیا ہے کہ وہ امریکہ میں اپنے مشروبات میں اصل گنے کی چینی استعمال کرے گی۔

11 دسمبر 2024 کو شکاگو کے ایک سٹور میں کوکا کولا کی بوتلیں رکھی ہوئی ہیں (اے ایف پی)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ بیوریج کی بڑی کمپنی کوکا کولا نے اتفاق کیا ہے کہ وہ امریکہ میں اپنے مشروبات میں اصل گنے کی چینی استعمال کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی  اے ایف پی کے مطابق کمپنی اس وقت ملک میں تیار ہونے والی اپنی مشروبات میں ہائی-فروکٹوز کارن سیرپ (ایچ ایف سی ایس) استعمال کرتی ہے، جو ایک میٹھا کرنے والا مادہ ہے، جس پر ہیلتھ سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر اور ان کی ’میک امریکہ ہیلتھی اگین‘ تحریک کی جانب سے طویل عرصے سے تنقید کی جا رہی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا: ’میں نے کوکا کولا سے امریکہ میں کوک میں اصلی گنے کی چینی استعمال کرنے کے بارے میں بات کی تھی اور انہوں نے اس پر اتفاق کیا ہے۔ میں کوکا کولا کے تمام حکام کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ یہ ان کا بہت اچھا قدم ہوگا -- آپ دیکھیں گے۔ یہ بس بہتر ہے!‘

امریکی صدر نے اس تبدیلی کے لیے اپنی کوشش کی وجہ کی وضاحت نہیں کی، جو ان کے پسندیدہ مشروب، ڈائٹ کوک پر اثرانداز نہیں ہوگی۔

وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد ٹرمپ نے اوول آفس میں ایک خصوصی بٹن دوبارہ لگوایا ہے، جس سے ان کے شوگر فری کاربونیٹیڈ مشروب کا سامان آ جاتا ہے۔

کوکا کولا نے فوری طور پر اجزا کی اس تبدیلی کی تصدیق نہیں کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کمپنی نے ایک مختصر بیان میں کہا: ’ہم صدر ٹرمپ کے آئیکونک کوکا کولا برانڈ کے لیے جوش و جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ کمپنی اپنی کوکا کولا مصنوعات کی نئی اور منفرد قسموں کے بارے میں مزید معلومات جلد فراہم کرے گی۔‘

ہائی-فروکٹوز کارن سیرپ 1970 کی دہائی میں مقبول ہونا شروع ہوا تھا، جس کا استعمال حکومت کی جانب سے مکئی کے کسانوں کے لیے سبسڈی اور گنے کی چینی پر اعلیٰ درآمدی ٹیرف سے بڑھا تھا۔

مکئی سے گنے کی طرف کسی بھی تبدیلی کا امکان ’کارن بیلٹ‘ میں ردعمل پیدا کر سکتا ہے، جو وسط مغربی علاقے میں ٹرمپ کے حمایت کنندگان کا گڑھ ہے۔

دونوں ایچ ایف سی ایس اور سکروز (گنے کی چینی) فرکٹوز اور گلوکوز پر مشتمل ہوتے ہیں۔ تاہم ان کا ڈھانچہ مختلف ہوتا ہے۔

ایچ ایف سی ایس میں فرکٹوز اور گلوکوز مختلف تناسب میں آزاد (غیر جڑا) ہوتا ہے -- سافٹ ڈرنکس میں 55/45 جبکہ ساکروز میں یہ دونوں کیمیائی طور پر جڑے ہوتے ہیں۔

تاہم، یہ ساختی فرق صحت کے نتائج پر کوئی نمایاں اثر نہیں ڈالتے۔

سال 2022  کی ایک کلینیکل سٹڈیز کے جائزے میں ایچ ایف سی ایس اور سکروز کے درمیان وزن میں اضافے یا دل کی صحت کے حوالے سے کوئی اہم فرق نہیں پایا گیا۔

صرف ایک نمایاں فرق یہ تھا کہ ایچ ایف سی ایس استعمال کرنے والے افراد میں سوزش کے ایک مارکر میں اضافہ دیکھا گیا۔

مجموعی طور پر، دونوں مٹھاس دینے والے مادے یکساں طور پر اثرانداز ہوتے ہیں، جب انہیں برابر کیلوریز کی مقدار میں استعمال کیا جائے۔

اس کے باوجود میکسیکن کوکا کولا، جو گنے کی چینی سے بنایا جاتا ہے، امریکی سٹورز میں اکثر زیادہ قیمت پر فروخت ہوتا ہے اور اس کا ’قدرتی‘ ذائقہ پسند کیا جاتا ہے۔

ٹرمپ کا پسندیدہ ڈائٹ کوک یسپارٹیم سے میٹھا کیا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا مرکب ہے، جسے بین الاقوامی ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر نے ’ممکنہ کینسر پیدا کرنے والا‘ قرار دیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ