کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 اراکین گرفتار: سی ٹی ڈی

سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے پانچ رکن گرفتار کر لیے۔

31 اگست، 2025 کو سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری تصویر میں کراچی سے گرفتار پانچ مبینہ عسکریت پسند دیکھے جا سکتے ہیں (اے ایف پی)

صوبہ سندھ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس اداروں نے اتوار کو کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ برصغیر کے پانچ رکن گرفتار کر لیے۔

سی ٹی ڈی سندھ کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں کہا کہ منگھوپیر اور کشمیر روڈ پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں میں ٹی ٹی پی کے اللہ نور اور سرفراز جبکہ القاعدہ - برصغیر کے سلیم، جہانزیب اور امداد اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے، جو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد ایک پڑوسی ملک سے عسکری تربیت یافتہ ہیں اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ 'القاعدہ کا نام کافی عرصے بعد دوبارہ سامنے آیا ہے، لیکن یہ درحقیقت ’القاعدہ برصغیر‘ ہے، جسے AQIS (Al-Qaeda in the Indian Subcontinent) کہا جاتا ہے۔

’اس تنظیم کی سرگرمیوں کا کوئی واضح ریکارڈ اپریل 2016 کے بعد سامنے نہیں آیا۔ تاہم حالیہ کارروائی کے دوران جو افراد گرفتار کیے گئے، وہ براہ راست کسی بڑی دہشت گرد کارروائی میں ملوث تو نہیں تھے، تاہم یہ سہولت کار اور سلیپر سیلز کی طرز پر کام کر رہے تھے۔‘

راجہ عمر خطاب نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے بتایا کہ ’یہ کوئی ہائی پروفائل دہشت گرد نہیں تھے، لیکن ان کی میٹنگز جاری تھیں اور بعض سرگرمیاں قابل تشویش تھیں۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔‘

اس سے قبل سندھ پولیس نے 25 جون کو بتایا تھا کہ انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک چار خطرناک ملزمان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

سندھ پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شعیب میمن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’سندھ پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کوششوں سے انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک چار خطرناک افراد کو کراچی کے علاقے ملیر، قائدآباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا تھا کہ ’گرفتار ملزمان انڈین آرمی کے ایک اعلیٰ افسر کرنل رنجیت کے ساتھ رابطے میں تھے اور انہیں پاکستان کی حساس تنصیبات کی معلومات اور تصاویر فراہم کرتے رہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان