پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں اتوار کو ہونے والے پاکستان-انڈیا میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شور شرابے کو نظرانداز کر کے کھیل سے لطف اندوز ہوں۔
ایشیائی ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ ان دنوں متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جہاں اتوار کو ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ویسے تو ان دو ٹیموں کے درمیان ہر میچ ہی ہائی ولٹیج مانا جاتا ہے لیکن اس بار صورت حال پہلے سے زیادہ مختلف ہے کیونکہ تقریباً چار ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
حالات کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی انڈین عوام کی جانب مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر دے تاہم انڈین کرکٹ بورڈ نے اس میچ کے بائیکاٹ کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس میچ سے قبل اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے پاکستان اور انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ’کھیل سے لطف اٹھائیں، یہ کرکٹ کا میچ ہے۔ سب کچھ بھول جائیں، ایک ٹیم جیتے گی اور ایک ہارے گی۔
’جیتنے کی صورت میں لمحے کا مزہ لیں۔ دباؤ آئے گا، لیکن اس سے لطف اٹھائیں اور ڈسپلن کا مظاہرہ کریں، کیونکہ یہ صرف کھیل ہے۔ یہ دونوں ٹیموں اور دونوں طرف کے مداحوں کے لیے ہے۔‘
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سٹیڈیم فل ہو گا۔
وسیم اکرم نے اپنے کریئر کے دوران انڈیا کے خلاف میچز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنے 19 سالہ کریئر کے دوران ہمیشہ ایسے دباؤ والے مقابلوں سے لطف اٹھایا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے انڈیا کے خلاف ہر میچ انجوائے کیا، اور مخالف کھلاڑیوں نے بھی ایسا ہی کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے 59 سالہ وسیم اکرم نے کہا کہ وہ بڑے منظر کو ذہن میں رکھیں اور صرف انڈیا کے خلاف جیتنے کے جنون میں نہ بہہ جائیں۔
’پاکستان کے پاس موقع ہے کیونکہ انہوں نے گذشتہ ہفتے ایک ٹرائی سیریز جیتی ہے۔ انہیں صرف انڈیا کے خلاف جیتنے کا سوچنے کے بجائے ایشیا کپ جیتنے کا سوچنا چاہیے۔ آپ کسی بڑی ٹیم سے ہار سکتے ہیں لیکن پھر بھی اچھا کھیل دکھا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میچ یکطرفہ نہیں ہوگا جیسا کہ انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘
ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا جیت کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کر چکے ہیں جہاں پاکستان نے جمعے کو عمان کو 93 رنز سے شکست دی جبکہ انڈیا نے بدھ کو اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو صرف 57 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد 4.3 اوورز میں ہدف پورا کر لیا تھا۔