اماراتی ایئرلائن اتحاد کی 10 سال بعد پشاور کے لیے پروازیں بحال

اتحاد ایئرویز اب ابوظبی اور پشاور کے درمیان ہفتے میں پانچ پروازیں چلائے گی۔

اماراتی ایئرلائن اتحاد ایئرویز نے پیر کو خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے لیے 10 سال بعد پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا۔ 

پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ابوظبی سے آنے والی پرواز EY 276 باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں ایئرپورٹ حکام نے طیارے کو روایتی واٹر سلیوٹ کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

یہ 2014 کے بعد پہلا موقع تھا جب اتحاد ایئرویز کی پرواز پشاور اتری۔ 

پی اے اے کے ایک بیان میں کہا گیا ’اتحاد ایئرویز اب ابوظبی اور پشاور کے درمیان ہفتے میں پانچ پروازیں چلائے گی، جو پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو ہوں گی۔ پشاور سے پرواز EY 277 صبح آٹھ بجے روانہ ہوا کرے گی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ’یہ نئی پروازیں مسافروں کو زیادہ سہولت، بہتر انتخاب اور عالمی رابطوں میں اضافہ فراہم کرتی ہیں، جو اس بات کا عکاس ہے کہ پی اے اے محفوظ، مؤثر اور عالمی معیار کی ایئرپورٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘

رواں برس پشاور کے لیے پروازیں شروع کرنے والی یہ تیسری عالمی ایئرلائن ہے۔ اس سے قبل اگست میں سعودی بجٹ ایئرلائن فلائی اے ڈیل نے پشاور کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کیا تھا، جب کہ مئی میں اماراتی کم قیمت فضائی کمپنی فلائی دبئی نے پشاور میں آپریشن شروع کیا تھا۔

اتحاد ایئر ویز نے ایک بیان میں پشاور کو تاریخی اور ثقافتی شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے اتحاد ایئر ویز کی پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اتحاد ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انتونولڈو نیویز نے کہا ’ہمیں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم پاکستان میں اپنی موجودگی بڑھا رہے ہیں اور ابو ظبی سے پشاور کے لیے پروازوں کا آغاز کر رہے ہیں۔‘

بیان کے مطابق ابوظبی سے پشاور کی پروازیں جدید ایئربس 320 طیاروں سے ہوں گی جس میں آٹھ بزنس اور 150 اکانومی نشستیں ہوں گی۔

نیویز نے بتایا کہ ان پروازوں سے پشاور سے مسافروں کو خلیجی ممالک، یورپ، افریقہ، اور امریکہ کا سفر کرنا آسان ہو گا اور تمام مسافر کنیکٹنگ پرواز لے کر سفر کر سکیں گے۔

پشاور ایئر پورٹ کا رن وے ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے جس سے چاروں طرف آبادی ہے۔ 25 جون، 2014 کو ریاض سے پشاور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز اترنے کے قریب تھی جب بڈھ بیر میں اس پر براہ راست فائرنگ کی گئی۔

حکام کے مطابق پرواز میں 178 مسافر سوار تھے جن میں زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے تھا۔اس وقت حکام نے بتایا تھا کہ طیارے کو پانچ گولیاں لگیں، لیکن پائلٹ نے طیارے کو باحفاظت اتار لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس واقعے میں ایک خاتون مسافر جان سے گئیں جبکہ جہاز کے عملے کے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

دیگر مسافروں کو ہنگامی حالت میں جہاز سے اتار کر گاڑیوں میں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور ہوائی اڈے کے ارد گرد سخت سکیورٹی نافذ کر دی گئی تھی۔

اس وقت کی پاکستان تحریک انصاف حکومت کے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ جہاز تقریباً ایک ہزار فٹ کی بلندی پر تھا جب اس پر فائرنگ کی گئی۔

اس واقعے کے بعد قطر ایئر ویز، سعودی ایئرلائنز، اتحاد ایئر ویز اور دیگر مقامی ایئرلائنز نے پشاور ایئر پورٹ کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔

بعض ایئرلائنز، بشمول اتحاد ایئرویز، نے کچھ دن بعد پروازوں کا آغاز کر دیا لیکن دسمبر، 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک سکول حملے کے بعد اتحاد ایئر ویز نے پشاور کے لیے ایک بار پھر پروازیں بند کر دیں۔

اس وقت اتحاد ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی لیکن اس منسوخی کے بعد آج پیر کو اتحاد ایئر ویز نے تقریباً 10 سال بعد پروازیں بحال کر دیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان