پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انڈین سیاسی و عسکری قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل میں رواں برس مئی کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اتوار کو کہا ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو سکور 0-6 کی بجائے پہلے سے کہیں بہتر ہو گا اور انڈیا ’اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔‘
انڈین سول اور فوجی قیادت کی جانب سے حال ہی میں متعدد بیانات سامنے آئے، جن میں رواں برس مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان سے متعلق جارحانہ اور اشتعال انگیز رویہ اختیار کیا گیا۔
انڈیا نے اپریل میں ہونے والے پہلگام حملے کو جواز بنا کر چھ اور سات مئی کو پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے، جس پر اسلام آباد نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور پاکستانی فضائیہ نے انڈیا کے چھ طیارے مار گرائے تھے۔ بعدازاں 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں دونوں ملک جنگ بندی پر متفق ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان پہلگام حملے میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔
انڈین آرمی چیف جنرل اپیندر دوایدی نے گذشتہ روز پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ ’ریاستی سپانسرڈ دہشت گردی‘ بند نہیں کرتا تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس بار انڈین افواج ’کوئی تحمل یا بردباری نہیں دکھائیں گی۔‘
جس پر پاکستان فوج نے نئی دہلی کو خبردار کیا تھا کہ مستقبل کا کوئی بھی آپسی تنازع شدید تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور یہ کہ پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پرعزم انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی انڈین بیانات پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’انڈین فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ہو اگر دوبارہ کوشش کی گئی تو سکور پہلے سے کہیں بہتر ہو گا۔‘
بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ھے۔ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ھو اگر دوبارہ کوشش کی تو سکور انشاءاللہ پہلے سے کہیں بہتر ھوگا۔ جسطرح بھارت میں عوامی رائے تاریخ کی بد ترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ھوئ اور…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 4, 2025
یہاں وہ انڈیا کے پاکستان پر حملے کے دوران پاکستانی فضائیہ کی جانب سے چھ انڈین طیارے مار گرانے کا حوالہ دے رہے تھے۔
اس سے قبل انڈین فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے جمعے کو دعویٰ کیا تھا کہ مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان شدید لڑائی کے دوران انڈیا نے ایف-16 اور جے ایف-17 کلاس کے پانچ پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔
اسی طرح انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس ہفتے کے آغاز میں ایک تقریر میں کہا تھا کہ ’ہمارے سپاہیوں کے پاس ہتھیار بھی ہیں اور بلند حوصلہ بھی۔ کوئی چیلنج ہمارے سامنے ٹھہر نہیں سکتا۔ چاہے وہ دہشت گردی ہو یا کسی اور نوعیت کا مسئلہ، ہم ان سب سے نمٹنے اور انہیں شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
پاکستانی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جس طرح انڈیا میں عوامی رائے تاریخ کی بدترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ہوئی اور مودی اور اس کا ٹولہ جس طرح اپنی ساکھ کھو بیٹھا، اس کا پریشر لیڈرشپ کے بیانات سے ظاہر ہو رہا ہے۔‘
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا: ’پاکستان اللہ کے نام پر بنی ریاست ہے، ہمارے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں، اس دفعہ بھارت انشاءاللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔‘