انڈیا سے مستقبل کا کوئی بھی تنازع شدید تباہی کا باعث ہو گا: پاکستان فوج کا انتباہ

پاکستان فوج نے ایک بیان میں کہا ہے اگر انڈیا کے ساتھ کسی نئی لڑائی کا آغاز ہوا تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا اور بلا جھجھک منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

23 مارچ، 2022 کو اسلام آباد میں یومِ پاکستان پر فوجی پریڈ کے دوران ایک فضائی دفاعی میزائل سسٹم کے پاس کھڑا فوجی سلامی دے رہا ہے (روئٹرز)

پاکستان فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں انڈیا کو خبردار کیا کہ مستقبل کا کوئی بھی آپسی تنازع شدید تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور یہ کہ پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پرعزم انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔

انڈین آرمی چیف جنرل اپیندر دواِیدی نے گذشتہ روز پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ’ریاستی سپانسرڈ دہشت گردی‘ بند نہیں کرتا تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار انڈین افواج ’کوئی تحمل یا بردباری نہیں دکھائیں گی۔‘

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈین فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے جمعے کو دعویٰ کیا تھا کہ مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان شدید لڑائی کے دوران انڈیا نے ایف-16 اور جے ایف-17 کلاس کے پانچ پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔

اسی طرح  انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس ہفتے کے آغاز میں ایک تقریر میں کہا تھا کہ ’ہمارے سپاہیوں کے پاس ہتھیار بھی ہیں اور بلند حوصلہ بھی۔ کوئی چیلنج ہمارے سامنے ٹھہر نہیں سکتا۔ چاہے وہ دہشت گردی ہو یا کسی اور نوعیت کا مسئلہ — ہم ان سب سے نمٹنے اور اُنہیں شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر کے آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ’ہم نے انڈین سکیورٹی اداروں کی سب سے اعلیٰ سطح سے آنے والے اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹ کیے ہیں۔ 

’یہ غیر ذمہ دارانہ بیانات جارحیت کے بہانے تراشنے کی ایک نئی کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہیں، ایک ایسی صورتِ حال جو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔‘

’انڈین وزیر دفاع اور اس کے فوجی و فضائی سربراہان کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات کے پیش نظر ہم انتباہ کرتے ہیں کہ آئندہ کوئی بھی تنازع تباہ کن نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ 

’اگر کسی نئی لڑائی کا آغاز ہوا تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا۔ ہم بلا جھجھک اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے منہ توڑ جواب دیں گے۔‘

بیان کے مطابق دہائیوں سے انڈیا نے خود کو متاثرہ فریق کے طور پر پیش کر کے اور پاکستان کی ساکھ بدنام کر کے فائدہ اٹھایا، جبکہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تشدد کو ہوا دینے اور دہشت گردی کا ارتکاب کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ بیانیہ کافی حد تک بے نقاب ہو چکا اور اب دنیا انڈیا کو سرحد پار دہشت گردی کا اصل چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کرتی ہے۔‘

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’اس سال کے آغاز میں انڈیا کی جارحیت نے دو ایٹمی قوتوں کو بڑے جنگ کے کنارے تک پہنچا دیا۔ 

’تاہم لگتا ہے انڈیا اپنے طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے کے حملہ آور ہتھیاروں کے انتقام کو بھول چکا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ انڈیا ’جو نیا نارمل قائم کرنا چاہتا ہے تو اسے معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان نے ردِعمل کا ایک نیا معیار قائم کر دیا ہے، جو تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہے۔ 

’بلا جواز خطرات اور لاپرواہی پر مبنی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج میں دشمن کی سرزمین کے ہر کونے تک لڑائی لے جانے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے۔ 

’جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے، انڈیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ایسا موقع آیا تو یہ مٹنا باہمی ہو گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان