امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کو پیر کو مصر میں غزہ سے متعلق ہونے والی سربراہی کانفرنس کے بعد مبینہ طور پر ایک نجی گفتگو کے دوران ٹرمپ کے بیٹے ایرک سے ممکنہ ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا گیا۔
ایرک، ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی یہ گفتگو ویڈیو فوٹیج میں بھی ریکارڈ ہوگئی، جب کہ بظاہر وہ اس بات سے بے خبر تھے کہ ایک لائیو مائیکروفون ان کی نجی بات چیت ریکارڈ کر رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کی یہ بات چیت مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہوئی، جہاں ٹرمپ نے غزہ میں حال ہی میں اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد منعقدہ سربراہی اجلاس میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں انڈونیشین سفارت خانے نے اس گفتگو سے متعلق تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
آڈیو میں یہ واضح نہیں تھا کہ دونوں رہنما ٹرمپ آرگنائزیشن کا ذکر کر رہے تھے یا صدر یا ان کے خاندان سے متعلق کسی کاروباری معاملے کا۔
ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے، جب دونوں ایک پوڈیم کے پیچھے مائیکروفون کے سامنے کھڑے تھے، پرابووو نے ایک ایسے علاقے کا حوالہ دیا جو ’سکیورٹی کے لحاظ سے محفوظ نہیں‘ ہے اور پھر ٹرمپ سے پوچھا: ’کیا میں ایرک سے مل سکتا ہوں؟‘
ٹرمپ نے جواب دیا: ’میں ایرک کو فون کرنے کے لیے کہوں گا۔ کیا میں ایسا کروں؟ وہ بہت اچھا لڑکا ہے۔ میں ایرک کو فون کرنے کے لیے کہوں گا۔‘
پرابووو نے کہا: ’ہم کسی بہتر جگہ کی تلاش کریں گے،‘ جس پر ٹرمپ نے دوبارہ کہا: ’میں ایرک سے کہوں گا کہ وہ آپ کو فون کرے۔‘
پرابووو نے کہا: ’ایرک یا ڈان جونیئر۔‘
ایرک ٹرمپ اور ان کے بھائی ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر دونوں ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں، جو رئیل سٹیٹ، ہاسپیٹیلٹی اور بلاک چین سے متعلق کاروباری منصوبوں پر کام کرتی ہے۔
کمپنی اپنی ویب سائٹ کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے قریب ایک گالف کلب چلاتی ہے جبکہ ویب سائٹ پر انڈونیشیا میں ایک اور پراپرٹی، بالی میں ایک گالف کلب اور ریزورٹ ’جلد آنے والا ہے‘ (Coming Soon) کے طور پر درج ہے۔