کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ، ہمارا کسی سے تنازع نہیں: والد

نسیم شاہ کے والد نے بتایا کہ گذشتہ رات ان کے گھر پر فائرنگ کی گئی، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔

پاکستان کے تیز بولر نسیم شاہ دو جنوری، 2023 کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایکشن میں (اے ایف پی)

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے پولیس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جندول علاقے میں واقع رہائش گاہ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب نا معلوم افراد نے فائرنگ کی ہے لیکن واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ 

یہ واقعہ مایار پولیس سٹیشن کے حدود میں پیش آیا ہے اور اسی تھانے کے اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گھر سے متصل حجرے پر تین چار فائر کیے گئے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا، ’نسیم شاہ کے والد نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جبکہ واقعے کے وقت نسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے۔‘

لوئر دیر کے ضلعی پولیس پولیس افیسر(ڈی پی او) تیمور خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ فائرنگ سے گھر کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور پولیس اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

نسیم شاہ کے والد مظفر شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ واقعہ گذشتہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا جب نامعلوم افراد کی جںب سے حجرے کی گیٹ پر فائرنگ کی گئی ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا زمینی تنازع نہیں ہے اور اسی وجہ سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

مظفر شاہ نے بتایا، ’ہمیں نہیں معلوم فائرنگ کس نے کی ہے۔ فائرنگ سے حجرے کے دروازے کو نقصان پہنچا ہے۔‘

نسیم شاہ پاکستان کے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو لوئر دیر کے جندول علاقے میں 2003 کو پیدا ہوئے ہیں اور 2019 میں پہلا ٹیسٹ میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ 

نسیم شاہ اس وقت قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور پاکستان کے دورے پر آئی جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف ایک روزہ میچوں میں حصہ لے چکے ہیں۔

نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی عبید شاہ اور حنین شاہ بھی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے فرنچائزز میں بھی کھیل چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان