نسیم شاہ: افغانستان کے خلاف ’قاتل بلے باز‘

شاداب خان کو منکڈ قانون کے تحت آؤٹ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین غم و غصے کا اظہار کر ہی رہے تھے کہ نسیم شاہ کے وننگ شاٹ اور خوشی منانے کے جارحانہ انداز نے ان کا غصہ خوشی میں بدل دیا۔

پاکستانی بولر نسیم شاہ اور ان کے ساتھ حارث رؤف پاکستان کی 24 اگست 2023 کو افغانستان کے حلاف فتح کا جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد جیت لیا جس میں پاکستانی بولر نسیم شاہ نے ’تاریخ دہرا‘ کر شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

ہوا کچھ یوں کہ سری لنکا میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے اور اس کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں۔

اس موقعے پر افغان بولر فضل حق فاروقی نے منکڈ قانون کے تحت پاکستانی بیٹر شاداب خان کو نان سٹرائیکر اینڈ پر آؤٹ کر دیا۔

شاداب خان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث رؤف بیٹنگ کے لیے آئے اور اس جوڑی نے آخری اوور میں 11 رنز بنا کر پاکستان کو افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح سے ہمکنار کر دیا۔

میچ کا وننگ شارٹ نسیم شاہ نے کھیلا، انہوں نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔

اس جیت اور اس کے بعد نسیم شاہ کے خوشی منانے کے انداز نے کرکٹ شائقین کو 2022 کے ایشیا کپ کی یاد دلا دی۔

جب پاکستانی بیٹر آصف علی اور افغان بولر کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی تھی جس کے بعد آخری اوور میں دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر نسیم شاہ نے پاکستان کو فتح دلوائی تھی اور اسی جارحانہ انداز میں فتح کا جشن منایا جیسے گذشتہ روز منایا تھا۔

ان دونوں آخری اوورز میں ایک دلچسپ قدر یہ بھی مشترک تھی کہ بولنگ فضل حق فاروقی ہی کروا رہے تھے۔

شاداب خان کو منکڈ قانون کے تحت آؤٹ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین غم و غصے کا اظہار کر ہی رہے تھے کہ نسیم شاہ کے وننگ شاٹ اور خوشی منانے کے جارحانہ انداز نے ان کا غصہ خوشی میں بدل دیا اور وہ نسیم شاہ کے ’گن گانے لگے۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر متین نامی صارف نے لکھا: ’یہ پاکستان بمقابلہ افغانستان نہیں، بلکہ نسیم شاہ بمقابلہ افغانستان ہے۔‘

’پاکستان کے باقی کھلاڑی اس لیے کھیلتے ہیں کہ آخری اوور میں نسیم شاہ آ کر کھیل سکیں۔‘

صارف یاسر خٹک نے نسیم شاہ کو ’قاتل بیٹسمین‘ قرار دیا اور لکھا: افغانستان کے خلاف ’قاتل بلے باز۔‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ حیران کن ہے کہ محض 21 برس کے کھلاڑی نے کیسے وائٹ بال کرکٹ کی تاریخ میں دو مرتبہ بہترین انداز میں میچز کا اختتام کیا۔

’منکڈ‘ کی اصطلاح انڈین بولر وینو منکڈ سے منسوب ہے۔ وہ پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 1948 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں آؤٹ کرنے کا یہ متنازع طریقہ استعمال کیا تھا۔

گذشتہ برس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منکڈ کے تحت آؤٹ کو درست قرار دیا اور منکڈ کو اپنے ضوابط کی کتاب میں ’اَن فیئر پلے‘ کے سیکشن سے نکال کر رن آؤٹس کے سیکشن میں شامل کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ