انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
انڈیا اور سری لنکا میں منعقد ہونے والا ورلڈ کپ کا یہ دسواں ایڈیشن 20 ٹیموں کے درمیان 2024 کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ نے ان پانچ مقابلوں کی نشان دہی کی ہے جنہیں ٹورنامنٹ کے دوران خصوصی اہمیت حاصل رہے گی۔
انڈیا بمقابلہ پاکستان — 15 فروری، کولمبو
روایتی حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے اور توقع ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ ہوگا۔
حالیہ مقابلوں میں انڈیا کو برتری حاصل ہے، تاہم پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ اسے کبھی بھی کم نہیں سمجھا جا سکتا، خصوصاً 2009 کے فاتحانہ سفر جیسا۔
پاکستانی سکواڈ حالیہ وقت میں بہتر فارم میں ہے اور جنوبی افریقہ و سری لنکا کے خلاف مسلسل فتوحات حاصل کر چکا ہے۔
یہ مقابلہ دفاعی چیمپیئن انڈیا کے لیے امتحان ہوگا، جس کی قیادت سوریہ کمار یادو کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان — 11 فروری، احمد آباد
2024 کے سیمی فائنل کا یہ ری میچ ایک بار پھر میدان سجائے گا۔ جنوبی افریقہ اگرچہ مضبوط دکھائی دیتا ہے مگر افغانستان کا سپن اٹیک انڈین کنڈیشنز میں نہایت خطرناک ہو سکتا ہے۔
فضل حق فاروقی اور نوین الحق کی تیز بولنگ قابل ذکر ہے جبکہ زدران اور گرباز بیٹنگ لائن اپ کو استحکام دیتے ہیں۔
دوسری طرف پروٹیز نوجوان صلاحیتوں جیسے بریوس اور مافاکا کے ساتھ نئے توازن کی تلاش میں ہیں۔
انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز — 11 فروری، ممبئی
اس میچ میں 2016 کے فائنل کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہوں گی۔ دونوں ٹیموں نے 2025 میں نئی قیادت کا آغاز کیا۔
انگلینڈ ہیری بروک کی رہنمائی میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز اچھے کھیل کے باوجود نتائج کے حصول میں مشکلات کا شکار ہے۔
تاہم جب یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو کسی اضافی محرک کی ضرورت نہیں رہتی۔
آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا — 16 فروری، کینڈی
دو سابق چیمپیئنز کی ٹکر، وہ بھی سری لنکا کی سرزمین پر۔ آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ بہتر ہے مگر میزبان ٹیم تبدیلی کے دور سے گزرنے کے باوجود اپنے مداحوں کے سامنے بڑا تاثر چھوڑنے کے لیے پُرعزم ہے۔
نسانکا، پریرا، ہسرنگا، تھشرا اور تھیکشنا ٹیم کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔
آسٹریلیا بھی گذشتہ دو ایڈیشنز میں ناکامی کے بعد ٹرافی کے حصول کے لیے بے تاب نظر آئے گا۔
اٹلی بمقام نیپال — 12 فروری، ممبئی
ٹورنامنٹ کے سب سے منفرد اور دلچسپ میچوں میں سے ایک۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار ڈیبیو کرنے والی ٹیم اٹلی نے یورپی کوالیفائر میں حیران کن کارکردگی دکھائی۔
آسٹریلوی اور انگلش ڈومیسٹک تجربہ رکھنے والے کھلاڑی انہیں پوشیدہ خطرہ بنا دیتے ہیں۔
دوسری جانب نیپال نے ایشیا کوالیفائر میں ناقابل شکست مہم کے ساتھ ثابت کیا کہ وہ کسی بھی حریف کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔