امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو اعلان کیا جب تک اقتدار کی محفوظ منتقلی ممکن نہیں ہو جاتی امریکہ وینزویلا کو ’چلائے گا‘۔
امریکہ فورسز نے ہفتے کو وینزویلا پر حملہ کر کے اس کے طویل عرصے سے حکمران صدر نکولس مادورو کو معزول کر دیا۔
ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے مار-اے-لاگو کلب میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو جمعے کی رات ہونے والی کارروائی میں گرفتار کیا گیا اور انہیں امریکی عدالت کا سامنا کرنا ہو گا۔
ٹرمپ نے کہا ’یہ امریکی تاریخ میں طاقت، مہارت اور کامیابی کا سب سے حیران کن، موثر اور زبردست مظاہرہ تھا۔‘
ٹرمپ کے مطابق امریکی حکام وینزویلا کا کنٹرول سنبھالیں گے۔
’ہم اس ملک کو چلائیں گے، جب تک ہم ایک محفوظ، مناسب اور منصفانہ انتقال اقتدار نہیں کر لیتے۔
’ہم یہ خطرہ نہیں لے سکتے کہ کوئی ایسا شخص وینزویلا کا کنٹرول سنبھال لے جسے عوام کے مفادات کا خیال نہ ہو۔‘
یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ وینزویلا کی نگرانی کیسے کریں گے کیونکہ امریکی فورسز کا ملک پر کوئی عملی کنٹرول نہیں اور مادورو کی حکومت بظاہر فعال ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں امریکی فضائی، زمینی اور بحری افواج نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا امریکی فورسز مادورو کو راتوں رات گرفتار کرنے کے لیے آپریشن کے حصے کے طور پر دوسرے، مزید بڑے حملے کے لیے تیار تھیں لیکن اس کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے بتایا کہ وینزویلا سے متعلق آپریشن میں 150 سے زائد طیارے شامل تھے اور یہ کارروائی صدر ٹرمپ کے براہِ راست احکامات پر انجام دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے جمعے کی رات 10 بج کر 46 منٹ (ایسٹن ٹائم) پر امریکی فوج کو وینزویلا مشن پر آگے بڑھنے کا حکم دیا۔
مادورو کی معزولی، جنہوں نے 12 سال سے زیادہ سخت گیر انداز میں وینزویلا پر حکمرانی کی، ملک میں ایک طاقت کا خلا پیدا کر سکتی ہے۔
چار باخبر ذرائع کے مطابق نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز، جو متوقع جانشین سمجھی جاتی ہیں، روس میں موجود ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ روڈریگیز کے روس میں ہونے کی خبر ’جعلی‘ ہے۔
امریکہ نے اپنے پڑوس میں اس سطح کی براہِ راست کارروائی پچھلے 37 سال میں نہیں کی۔
1989 میں واشنگٹن نے پاناما کے فوجی حکمران مینوئل نوریئگا کو منشیات کی سمگلنگ کے الزامات پر ہٹا دیا تھا۔