پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں ’41 انڈین حمایت یافتہ دہشت گرد‘ مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور پنجگور میں کی گئیں، جن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ضلع ہرنائی کے ایک مضافاتی علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران دونوں اطراف کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
’ضلع ہرنائی کی کارروائی میں 30 بھارتی حمایت یافتہ افراد کو مارا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر کے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایک دوسری اطلاع کی بنیاد پر کارروائی بلوچستان ہی کے ضلع پنجگور میں کی گئی ، جہاں عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے حملہ کر کے 11 انڈین حمایت یافتہ افراد کو مار دیا گیا۔
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ، جس کی سرحدیں پڑوسی مسلمان ممالک ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں، طویل عرصے سے عسکریت پسندی کا شکار ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ اتوار کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ضلع پنجگور میں ہی ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں‘ کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تین عسکریت پسند، جن میں ان کا مقامی کمانڈر بھی شامل تھا، مارے گئے۔
اس ہفتے کے اوائل میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کہا تھا کہ اس نے کوئٹہ سبی ہائی وے کو بلاک کرنے اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے پانچ عسکریت پسندوں کو مار دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ’علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن عزم ستحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی انتھک مہم ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گا۔‘
اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے وایلے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں عسکریت پسندوں کے کے خلاف دو کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔