پاکستان کی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو مار دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں‘ کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تین عسکریت پسند، جن میں ان کا مقامی کمانڈر بھی شامل تھا، مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے موقعے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اور ایران و افغانستان سے متصل بلوچستان طویل عرصے سے عسکریت پسندی کا شکار ہے۔
پاکستان انڈیا پر ان عسکریت پسندوں کی حمایت کا الزام لگاتا ہے جبکہ نئی دہلی اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
اس ہفتے کے اوائل میں انسداد دہشت گردی پولیس (سی ٹی ڈی) نے کہا تھا کہ اس نے کوئٹہ–سبی ہائی وے کو بلاک کرنے اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے پانچ عسکریت پسندوں کو مار دیا۔
سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق اہلکاروں نے موقع سے سات ہینڈ گرینیڈ، پانچ سب مشین گنیں (لائیو گولیاں کے ساتھ) اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔