پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ’پی آئی اے‘ نے منگل کو یہ اعلان کیا ہے کہ 30 مارچ 2026 سے لاہور سے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔
پاکستان میں پائلٹس کی جعلی ڈگری سکینڈل کے بعد یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے 2020 میں یورپی ملکوں کے لیے پی آئی اے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد اس کی یورپ اور انگلینڈ کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔
تاہم یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے دسمبر 2024 میں پاکستانی ایئر لائن کی یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ جبکہ برطانیہ ایئر سیفٹی کمیٹی نے بھی جولائی 2025میں پاکستانی ایئر لائنز پر سے پابندی اٹھا لی تھی۔
جس کے بعد گذشتہ سال اکتوبر میں پی آئی اے پہلے مرحلے میں مانچسٹر کی پروازوں کا آغاز کیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ ’30 مارچ 2026 سے لاہور سے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو مسافروں کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کے لیے زیادہ آسان اور آرام دہ سہولت فراہم کرے گی۔‘
بیان میں بتایا گیا کہ ’یہ نئی نان اسٹاپ سروس خاص طور پر لاہور اور ملحقہ علاقوں کے مسافروں کے لیے سفر کو آسان بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، بالخصوص اُن خاندانوں، طلبہ اور کاروباری افراد کے لیے جو برطانیہ کا سفر کرتے ہیں۔ لندن کے لیے براہِ راست پرواز کی بدولت مسافر اب طویل ٹرانزٹ کے جھنجھٹ سے بچ سکیں گے اور ایک ہموار سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔‘
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’ہماری خواہش یہ ہے کہ لاہور، کراچی ہر طرف سے پروازیں یہاں آئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازیں پہلے برمنگھم اور گلاسگو آتی تھیں اور ان کے بقول وہ بھی بتدریج بحال ہوں گی۔