سعودی عرب، مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ اتوار کو اسلام آباد میں ملیں گے: اسحاق ڈار

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دو روزہ دورے کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت متعدد امور پر تفصیلی مشاورت ہو گی۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحق ڈار 18 نومبر، 2025 کو ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتے کو بتایا کہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اتوار سے اسلام آباد کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ دورے کے دوران وزرائے خارجہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت متعدد امور پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔ ’معزز مہمان وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔‘

بیان کے مطابق پاکستان ’سعودی عرب، ترکی اور مصر جیسے برادر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

’یہ دورہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔‘

اسحٰق ڈار نے بھی نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہمان وزرائے خارجہ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

انہوں نے بتایا ’ہماری ملاقات ترکی میں طے تھی، تاہم مصروفیات کی وجہ سے میں نے بھائیوں کو اسلام آباد میں دعوت دی۔‘

انہوں نے کہا کہ ایران سے بات چیت جاری ہے اور ’ایمان داری، نیک نیتی سے تنازع ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات کے باعث میڈیا پر بات چیت کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔‘

اس سے قبل ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے بھی اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے بتایا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے نجی نشریاتی ادارے اے خبر سے گفتگو میں کہا ’ابتدا میں ہم نے یہ اجلاس ترکی میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا تھا… تاہم، چونکہ ہمارے پاکستانی ہم منصبوں کو اپنے ملک میں ہی رہنا ضروری ہے، اس لیے ہم نے اجلاس کو پاکستان منتقل کردیا ہے۔‘

امریکہ اور اسرائیل کی ایران سے جنگ کو تقریباً ایک ماہ ہو چکا ہے اور اس لڑائی کو رکوانے کے لیے پاکستان اور مشرق وسطی کے ممالک سرگرم ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسلام آباد اس حوالے سے ’ایک پرخلوص اور فعال کردار ادا کر رہا ہے جس کا مقصد امت مسلمہ کی بہتری ہے۔‘

پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں خود کئی بار ایران اور دیگر خلیجی ممالک کی قیادت سے بات کر چکا ہوں تاکہ امن کی راہ ہموار ہو اور برادر اسلامی ممالک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔‘

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق ’پاکستان کی کوششیں امت مسلمہ کے بہترین مفاد میں ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان