گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے ممکنہ صدر

بی سی سی آئی میں انتخابات 23 اکتوبر کو ہوں گے اور گنگولی صدر کے لیے واحد امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

گنگولی 2008 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے(اے ایف پی)

بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے صدر کے لیے واحدامیدوار بن کر ابھرے ہیں۔

پیر کو کرکٹ کے انتہائی امیر اور سب سے طاقت ور بورڈ میں انتخابات کے لیے نامزدگیوں کا آخری دن ہے اور بی سی سی آئی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ اتوار کو ممبئی میں ایک اجلاس کے بعد 47 سالہ گنگولی واحد امیدوار ہیں۔

بھارتی کرکٹ کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک گنگولی 2008 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ وہ گذشتہ مہینے بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔

سابق بلے باز اور تجربہ کار منتظم برجیش پٹیل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ سیکریٹری بن سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی کے انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔

بھارت میں کرکٹ کی انتہائی مقبولیت نے بی سی سی آئی کو ملک کے تمام دوسرے کھیلوں کے بورڈز سے کہیں زیادہ طاقت ور بنا دیا ہے، جسے سپانسر شپ اور ٹی وی معاہدوں سے خطیر آمدنی ہوتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم، بی سی سی آئی کئی قانونی لڑائیوں کے علاوہ سکنڈلز کا نشانہ بھی بنا ہے، جس میں میچ فکسنگ اور کرپشن نمایاں ہیں۔

گنگولی نے پیر کو پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ بطور صدر بورڈ کے امیج کو بہتر بنانا ان کی ترجیح ہو گی۔

’میں ایک ایسے وقت پر عہدہ سنبھال رہا ہوں جب بی سی سی آئی گذشتہ تین سالوں سے اپنی بہترین پوزیشن میں نہیں، اس کا امیج بہت متاثر ہوا ہے۔ یہ میرے لیے بہترین موقع ہے کہ میں کچھ اچھا کر سکوں۔‘

’مالی طور پر بھارت کرکٹ کا پاور ہاؤس ہے، لہذا میری ذمہ داریاں ایک چیلنج ہوں گی۔‘

دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم بھارت ان دنوں جنوبی افریقہ کے خلاف گھر پر ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ