یورپی یونین کا بریگزٹ میں مزید تین ماہ کی تاخیر پر اتفاق

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب برطانیہ کے پاس معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے علیحدگی میں محض 90 گھنٹے سے بھی کم وقت باقی تھا۔

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی اگلی تاریخ 31 جنوری 2020 ہے(اے ایف پی)

 

یورپی یونین کے رکن ممالک نے پیر کو ایک اجلاس کے دوران بریگزٹ میں تین ماہ کی تاخیر پر اتفاق کر لیا۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب برطانیہ کے پاس معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے علیحدگی میں محض 90 گھنٹے سے بھی کم وقت باقی تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی اگلی تاریخ 31 جنوری 2020 ہے۔

تاہم اگر برطانیہ 31 جنوری سے قبل کسی معاہدے پر اتفاق کر لیتا ہے تو یورپی یونین کے باقی ممالک پہلے بھی اس علیحدگی کی اجازت دے سکتے ہیں۔

 یورپیئن کونسل کے صدر برائے رکن ممالک ڈونلڈ ٹسک نے اپنی ٹویٹ میں کہا ’ای یو 27 نے 31 دسمبر تک بریگزٹ کو موخر کرنے کی برطانوی درخواست پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک تحریری معاہدے کے بعد ہونا ہی ممکن ہوگا۔‘

 اے ایف پی کو ملنے والی معاہدے کی کاپی کے مطابق اگر وزیر اعظم بورس جانسن برطانوی پارلیمنٹ کو فوری علیحدگی کے لیے اگلے سال سے پہلے منا سکیں تو بریگزٹ نومبر کی 30 یا دسمبر کی 31 تاریخ کو بھی ہو سکتا ہے۔

اس تاخیر پر گذشتہ ہفتے بھی اتفاق ہو سکتا تھا لیکن یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان 50 سالہ تجارتی تعلق کا مستقبل واضح نہ ہونے کی وجہ سے فرانس اس حوالے سے تذبذب کا شکار تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 17 اکتوبر کو ہونے والے سربراہ اجلاس کے مطابق بورس جانسن 31 اکتوبر کی تاریخ کے حوالے سے ہی کوشش کر رہے تھے لیکن ایسا کرنے کے لیے انہیں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی حمایت درکار تھی۔

پیر کو ہی برطانوی وزیر اعظم نے ایوان میں 12 دسمبر کو فوری الیکشن کرانے پر بھی زور دیا لیکن اس کوشش کو بھی سابقہ دو کوششوں کی طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں 650 ارکان پارلیمنٹ میں سے ایسا ممکن بنانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

 2016 کے ریفرنڈم میں 52-48 فیصد کے تناسب پر برطانوی قوم آج بھی تقسیم ہے۔

بورس جانسن نے، جو خود بریگزٹ کے حامی ہیں، جولائی میں وزارت اعظمی کا عہدہ سنبھالا تھا۔

انہوں نے ہر قیمت پر 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے علیحدگی کا دعویٰ کر رکھا تھا لیکن ارکان پارلیمنٹ اس 46 سالہ تعلق کو کسی ڈیل کے بغیر ختم کرنے کے مخالف ہیں اور کسی اتفاق رائے تک اس میں تاخیر کا قانون پاس کر چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ