میرا کی ’نپی تلی‘ انگریزی پر بھی اعتراض

اس مرتبہ اداکارہ میرا نے بڑے نپے تُلے الفاظ میں مداحوں کو انگریزی میں نئے سال کی مبارک باد دی، لیکن سوشل میڈیا صارفین پھر بھی باز نہ آئے۔

میرانے اس مرتبہ خوب تیاری کے بعد  انگریزی میں سوشل میڈیا پر نئے سال کا پیغام دیا( فائل تصویر اے ایف پی)

فلم سٹار میرا اپنی اداکاری کے علاوہ انگریزی بولنے کے حوالے سے بھی منفرد شہرت رکھتی ہیں لیکن اس بار انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مداحوں کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے خاصی احتیاط سے کام لیا اور میڈیا سمیت کسی کو بھی اپنی انگریزی پر ہنسی مذاق کا موقع نہیں دیا۔

انہوں نے بڑا ٹھہر ٹھہر کر اور نپے تُلے الفاظ میں چاہنے والوں کو نئے سال کی مبارک باد دی۔ اس دوران الفاظ کے چناؤ اور ادائیگی سے صاف نظر آ رہا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی انگریزی سن کر کسی چہرے پر مذاق اڑانے والی مسکراہٹ ابھرے۔

ماضی میں اکثر انگریزی میں گفتگو کے دوران ان سے کوئی ایسی غلطی سر زرد ہو جاتی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین کو ان کا مذاق اڑانے کا موقع مل جاتا۔ تاہم اس مرتبہ لگتا ہے کہ انہوں نے خوب تیاری کے بعد سوشل میڈیا پر نئے سال کا پیغام دیا۔

اس پیغام میں اتنا ضرور ہوا کہ انہوں نے 2020 کو ’ٹوئنٹی ٹوئنٹی‘ کہہ ڈالا لیکن اس طرح کہنے سے ان کی زبان پر گرفت کا اظہار ہوتا ہے، مگر سوشل میڈیا صارفین کہاں باز آتے ہیں، انہوں نے یہاں بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔

ایک صارف نے میرا کو ’قومی خزانہ‘ قرار دے ڈالا۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا: ’میرا جی کی انگریزی اپنی بہترین شکل میں۔‘

عفت رانا نے لکھا: ’ہائے یہ کس سیارے کی مخلوق ہے۔‘

ایک صارف چنگیز نے لکھا: ’وہ بہت شرارتی ہیں۔‘

ناصر نامی صارف نے میرا کو سراہتے ہوئے لکھا ’اپنی تمام تر حماقتوں کے باوجود میرا ایک بہادر خاتون ہیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ