واکین فینکس ہر ایوارڈ تقریب میں ایک ہی سوٹ کیوں پہنیں گے؟

چیزوں کے ضیاع کو کم کرنے اور اس کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے مقصد سے فلم ’جوکر‘ کے اداکار واکین فینکس نے ماحول دوست فیشن کا انتخاب کیا ہے۔

ہالی وڈ کی فلم ’جوکر‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے واکین فینکس نے چیزوں کے ضیاع کو کم کرنے کی خاطر رواں برس کے ہالی وڈ ایوارڈ سیزن کی تمام تقریبات میں ایک ہی سوٹ پہننے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کو گولڈن گلوبز ایوارڈز کی تقریب میں واکین نے ڈیزائنر سٹیلا میکارٹنی کا ڈیزائن کردہ ٹکسیڈو سوٹ زیب تن کیا تھا۔ برطانوی ڈیزائنر سٹیلا میکارٹنی، جنہوں نے 2011 میں اپنا برانڈ لانچ کیا، ماحول دوست فیشن کی بااثر آواز ہیں، اپنے ملبوسات میں نباتات خور جانوروں کی کھالوں کا استعمال کرتی ہیں اور ایڈیڈاز جیسے اپنے شراکت کاروں کو دوبارہ استعمال میں لائے جا سکنے والے میٹریل سے ملبوسات تیار کرنے کی ترغیب دیتی رہی ہیں۔

کامک بک پر مبنی فلم ’جوکر‘ میں مرکزی کردار کے لیے گولڈن گلوبز ایوارڈ جیتنے والے واکین فینکس نے تقریب میں اپنے پہناوے کو ماحولیاتی تبدیلی میں فیشن کے کردار کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے نہ صرف ایک ماحول دوست فیشن لیبل کا انتخاب کیا بلکہ ایک لباس کو متعدد موقعوں پر پہننے کا عندیہ بھی دیا۔

پیر کو سٹیلا میکارٹنی نے انکشاف کیا کہ واکین فینکس اس ایوارڈ سیزن کی تمام ایوارڈ تقاریب میں ایک ہی سوٹ پہننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں گولڈن گلوبز کے ریڈ کارپٹ پر فینکس کئی تصاویر کے ساتھ سٹیلا نے لکھا: ’یہ شخص (حقیقی معنوں میں) فاتح ہے… سٹیلا کا لباس پہن کر انہوں نے کرہ ارض اور اس سیارے پر بسنے والی تمام مخلوقات کے مستقبل کے لیے فیصلہ لینے کا انتخاب کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’ضیاع کو کم کرنے کے لیے فینکس نے پورے ایوارڈ سیزن میں اسی ٹکسیڈو سوٹ کو پہننے کا انتخاب کیا ہے۔ آپ کے ساتھ اس مقصد میں شامل ہونا میرے لیے باعث فخر اور عزت ہے۔ آپ لوگوں کو اسی طرح متاثر کرتے رہیں اور ہمیشہ چمکتے رہیں۔‘

اتوار کو گولڈن گلوب جیتنے کے بعد اپنی خطاب میں فینکس نے جانوروں کے حقوق اور ماحولیاتی امور، بشمول موسمیاتی تبدیلی، شجر کاری اور آسٹریلیا میں جنگلوں میں لگی آگ کے بارے میں بات کی۔

واکین فینکس ویگن (vegan) (سبزی خوروں کی ایک قسم) ہیں اور اکثر وہ موسمیاتی بحران کے بارے میں بات کرتے ہیں اور ان کو جانوروں کی تحفظ پر کام کرنے والی تنظیم پیٹا کے مظاہروں میں بھی دیکھا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اداکار نے اپنی تقریر کا آغاز ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) کی جانب سے تقریب میں گوشت کے بغیر کھانا پیش کرنے اور ’جانوروں کی افزائش نسل اور موسمیاتی تبدیلی کے مابین رابطے کو تسلیم کرنے‘ پر ان کا شکریہ ادا کرنے سے کیا۔

اس کے بعد انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں سے التجا کی کہ وہ اپنے کاربن کے استعمال کو محدود کریں۔

فینکس نے کہا: ’ووٹ دینا اچھی بات ہے لیکن بعض اوقات ہمیں اپنی ذمہ داری خود پر لینی ہوتی ہے اور اپنی زندگی میں تبدیلیاں اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم یہ کام کر سکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا: ’برائے مہربانی، ہمیں نجی جیٹ طیاروں کے ذریعے ایوارڈز لینے کے لیے پام سپرنگس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اور میں (ماحول کے لیے) بہتر بننے کی کوشش کروں گا اور مجھے امید ہے کہ آپ بھی ایسا ہی کریں گے۔‘

رواں سال کے گولڈن گلوبز ہالی ووڈ کا سب سے زیادہ ماحول دوست ایوارڈ شو ثابت ہوا ہے جہاں موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے فلمی ستاروں کی موجودگی میں دوبارہ قابل استعمال ریڈ کارپٹ، کاغذ سے بنے سٹرا اور نباتات (سبزیوں) پر مشتمل مینو پیش کیا گیا۔

اس دوران سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی تھی جبکہ شیشے کی بوتلوں میں پانی پیش کیا گیا اور حتمی کوشش کی گئی کہ مقامی طور پر بنایا گیا کھانا پیش کیا جائے۔

گولڈن گلوبز کے فیس بک پیج پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا: ’ہم سبزی خور بننے جا رہے ہیں!‘

اس میں مزید کہا گیا: ’77 ویں گولڈن گلوبز ایوارڈ تقریب میں 100 فیصد سبزیوں پر مشتمل عشائیہ پیش کیا جائے گا جس میں سنہرے چقندر کا سوپ اور چاولوں کے ساتھ کنگ اوئسٹر مشروم شامل ہیں۔ موسمیاتی بحران کو نظرانداز کرنا ناممکن ہے اور اپنے ساتھیوں اور انڈسٹری کے دوستوں سے بات کرنے کے بعد ہم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا چیلنج قبول کیا۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی فن