بلوچستان کا ’فریج میں رکھا تیار‘ کھانا کون سا ہے؟

صوبے کے مال دار بھیڑ کے دودھ سے خوراک کی بہت سے چیزیں بناتے ہیں اور انھی میں سے ایک روایتی خوراک ’کرت ‘ بھی ہے، جو سال ہا سال چلتی ہے۔

عبدالحمید بنیادی طور پر ایک مال دار ہیں لیکن موسمی حالا ت اور چراگاہوں کی کمی نے انھیں نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے۔ تاہم ان کے پاس اب بھی اتنی بھیڑ اور بکریاں موجود ہیں جس سے ان کا گھر چل سکے۔

ایک اندازے کے مطابق بلوچستان کی 70 فیصد آبادی کا انحصار مال داری پر ہے اور ان کی خوراک کا ذریعہ بھی یہی مال مویشی ہوتے ہیں۔

صوبے کے مال دار بھیڑ کے دودھ سے خوراک کی بہت سے چیزیں بناتے ہیں، جو انھیں کئی مہینوں تک کافی ہوتی ہے۔

بلوچستان میں ایک روایتی خوراک ’کرت ‘ بھی بھیڑ کے دودھ سے بنائی جاتی ہے، جسے ’فریج میں رکھا تیار کھانا‘ بھی کہا جاتا ہے۔

کرت بنانے کے لیے پہلے دودھ اکٹھا کیا جاتا ہے، جب بہت سارا دودھ اکٹھا ہوجائے تب اس کی تیاری شروع کی جاتی ہے۔

عبدالحمید نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ ایک مشکل اور وقت طلب کام ہے جو ہر زمانے میں، جب چراگاہیں بہت تھیں اور دودھ وافر مقدار میں دستیاب تھا، مال دار زیادہ سے زیادہ بناتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عموماً گھریلو خواتین کرت بناتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انھوں نے بتایا کہ جمع شدہ دودھ کو ایک بکرے کی کھال کے مشکیزے میں ڈال کر اسے لسی بنایا جاتا ہے، جس میں کئی دن لگتے ہیں اور پھراس کا مکھن الگ کیا جاتا ہے، مکھن بننے کے بعد اسے  دیگچی میں ڈال کر گرم کیا جاتا ہے جو نرم ہوجاتا ہے جسے ’شیلانچ‘ کہتے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ شیلانچ کو گول گول بنا کر ایک کپڑے میں بند کرکے رکھ دیتے ہیں تاکہ اس کا پانی نکل جائے، اس عمل میں کئی دن لگ جاتے ہیں۔ ’جب شیلانچ کا پانی نکل جاتا ہے تو یہ سخت ہوجاتا ہے اور پھر ضرورت کے وقت  کھانے  کے لیےاستعمال کرتے ہیں۔

’اس کی خاصیت یہ ہےکہ سالوں گزرنے کے باوجود یہ خراب نہیں ہوتا اور ہم پہاڑوں اور میدانوں  میں  اسے خوراک کا حصہ بناتے ہیں۔‘ 

انھوں نے اسے کھانے کا آسان طریقہ بتایا کہ اسے کسی لکڑی سے بنی چیز میں، جو اندر سے کھوکھلی ہو،  ڈال کر کوٹتے ہیں اور ساتھ میں پانی ڈالتے جاتے ہیں۔

’کرت کے اجزا پانی میں داخل ہوتے ہیں اور بعد میں یہ کھانے کے قابل ہوجاتا ہے جسے صرف گھی ڈال کر پکایا جاتا ہے اور اس میں ہم  روٹی کے ٹکڑے ڈالتے ہیں پھر گھر کے تمام افراد مزے سے کھاتے ہیں ۔‘

عبدالحمید نے بتایا کہ بعض لوگ اس میں بینگن شامل کرتے ہیں اور بعض پیاز بھی۔کچھ اسے سادہ بناتے ہیں، غرض یہ جلد تیار ہونے والا واحد سالن ہے ۔’ کرت کمرشل بنیادوں پر بھی استعمال ہوتا ہے ۔جن مال داروں کے پاس دودھ زیادہ ہوتاہے وہ منوں کے حساب سے بناکر مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں  لیکن اب اس کے بنانے میں کمی آئی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا