کرونا سے 106 ہلاکتیں، پاکستان کا سرحد پر خصوصی ڈیسک بنانےکا فیصلہ

پاکستان اور چین کی سرحد پر سوست کے مقام پر وفاقی وزارت صحت اور گلگت بلتستان محکمہ صحت کی جانب سے ایک خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں چین سے آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد کے مطابق چین سے آنے والے پاکستانی باشندوں اور چینی ڈرائیوروں کو بھی ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 106 ہوگئی ہے جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر چین سے ملحقہ پاکستان کی سرحد پر سوست کے مقام پر وفاقی وزارت صحت اور گلگت بلتستان محکمہ صحت کی جانب سے ایک خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں چین سے آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

گلگت سے نامہ نگار عبدالرحمٰن بخاری کے مطابق کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی سرحد دو فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو آٹھ فروری تک کھلی رہے گی۔ اس دوران چین میں پھنسے ہوئے  پاکستانیوں کے 150 سے زائد کنٹینرز پاکستان آئیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ چین سے آنے والے افراد کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ لے کر پاکستان آنا ہوگا۔

عثمان احمد کے مطابق: ’چین سے آنے والے پاکستانی باشندوں اور چینی ڈرائیوروں کو بھی ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘

پاکستان چین سرحد سطح سمندر سے 16 ہزار فٹ بلندی پر خنجراب ٹاپ پر واقع ہے۔ شدید برف باری کی وجہ سے موسم سرما میں چار ماہ کے لیے اس سرحد کو بند کردیا جاتا ہے۔ تاہم پاکستانی تاجروں کے مال بردار کنٹینروں کو لانے کے لیے سرحد کو عارضی طور پر کھولا جا رہا ہے اور یہ تیسری مرتبہ ہے کہ سرحد کو عارضی طور پر کھولا جارہا ہے۔

چین کے کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان میں سینکڑوں پاکستانی مقیم ہیں، جو حالیہ حالات کے باعث وطن واپس آسکتے ہیں۔

امریکہ، کینیڈا کی چین کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت

چین میں اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرجانے کے بعد امریکہ اور کینیڈا نے چین کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چینی قمری سال کے آغاز کے موقع پر پھوٹنے والی اس وبا سے عالمی منڈیاں بھی ہل کر رہ گئی جہاں کئی بڑی سٹاک مارکیٹیں کریش کر گئیں، تیل کی قیمتیں تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں اور چینی کرنسی یوآن کی قدر رواں سال کی کم ترین سطح تک گر گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین کے لیے سفری پابندیوں کے باعث سرمایہ کار پریشانی کا شکار نظر آ رہے ہیں۔

کرونا وائرس سے سب سے متاثرہ چینی صوبے ہوبائی کے ہیلتھ کمیشن نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی ہیں۔ آن لائن جاری کیے گئے بیان کے مطابق 27 جنوری تک اس وائرس سے دو ہزار 714 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ چین کے سرکاری اخبار نے یہ تعداد چار ہزار 193 بتائی ہے جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو بیجنگ کے ساتھ جاری کشیدگی کے باوجود چین کو طبی مدد کی پیشکش کی تھی جبکہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے امریکیوں کو چین کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

کینیڈا، جہاں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور دیگر  19 کی تشخیص کی جاری ہے، نے بھی چین کے لیے سفری پابندی سخت کر دی ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں چین کے سفیر نے پیر کو اس مسٔلے پر عالمی ادارے کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’چینی حکومت اس وبا کی روک تھام اور اس کے کنٹرول کو خاصی اہمیت دے رہی ہے اور صدر شی جنگ پن نے اس حوالے سے اہم ہدایات دی ہیں۔‘

انہوں نے کہا: ’چین کشادگی، شفافیت اور سائنسی ہم آہنگی کے جذبے کے تحت عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا