نیوزی لینڈ مسجد حملہ: یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں

حالیہ عشروں میں کئی مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کے زیر اثر متعدد مسجدوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں بم دھماکوں سے لے کر مساجد کو نذر آتش کرنے اور نفرت انگیزی پر مبنی جملے لکھے جانا بھی شامل ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے دوران دو مساجد پر حملے میں 49 افراد ہلاک اور 20 کے قریب شدید زخمی ہوئے۔ ان مساجد میں سے ایک مسجد ال نور ہے۔ تصویر: رائٹرز

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آج نماز جمعہ کے دوران دو مساجد پر حملوں میں  کم از کم 49 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے حملے کو ’ملکی تاریخ کا بدترین وقت‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اس واقعے کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے، لیکن مغربی ممالک میں کسی مسجد پر حملے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ عشروں میں متعدد ممالک میں اسلاموفوبیا (اسلام دشمنی) کے زیر اثر مسلمانوں کی متعدد عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں بم دھماکوں سے لے کر مساجد کو نذر آتش کرنے اور نفرت انگیزی پر مبنی جملے لکھے جانا بھی شامل ہے۔

ذیل میں ایسے ہی چند اہم واقعات کی فہرست پیشِ خدمت ہے:

فرانس

20 اپریل 2008 کو فرانس کے شہر ٹولوز میں واقع السلام مسجد کو نذر آتش کر دیا گیا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ یہ نفرت انگیزی پر مبنی واقعہ تھا۔

13 دسمبر 2009 کو جنوبی فرانس کے شہر کاسٹرس میں رات گئے ایک مسجد پر حملہ کیا گیا اور سیاہ روغن سے اس کی دیواروں پر ’فرانس، فرانسیسیوں کے لیے‘ اور ’سفید فاموں کی طاقت‘ جیسے الفاظ تحریر کیے گئے۔ اس کے علاوہ سور کا ایک پاؤں بھی مسجد میں لٹکایا گیا۔

دسمبر 2015 میں فرانسیسی جزیرے کورسیکا میں مسلمانوں کی عبادت کے لیے مخصوص ایک کمرے میں ایک ہجوم نے توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران مظاہرین نے قرآنی نسخوں کو بھی آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔

سویڈن

25 دسمبر 2014 سے یکم جنوری 2015 کے دوران سویڈن میں تین مساجد کا جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، جبکہ کچھ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سپرے پینٹ سے اسلام مخالف جملے بھی لکھے گئے۔

امریکہ

20 اکتوبر 2016 کو امریکی ریاست آرکنسا کے علاقے فورٹ سمتھ میں دو مساجد کی دیواروں پر نازی جرمنی کا مخصوص نشان ’سواستیکا‘ اور دیگر مسلمان مخالف جملے تحریر کیے گئے۔

مارچ 2017 میں امریکی ریاست کولوراڈو میں  ایک نامعلوم شخص نے مسجد کے شیشے توڑ کر اندر انجیل کے صفحات پھینک دیے۔

اگست 2017 میں امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر بلومنگٹن میں ایک مسجد پر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اُس وقت بم حملہ کیا گیا جب لوگ وہاں فجر کی نماز ادا کرنے کے لیے جمع تھے۔  دھماکے کے نتیجے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تاہم مسجد کے امام کے دفتر کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

کینیڈا

30 جنوری 2017 کو کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی ایک مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں چھ نمازی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے میں ملوث فرانسیسی نژاد کینیڈین شہری الیگزینڈر بِسینیٹ کو بعدازاں 40 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

جرمنی

جنوری 2010 سے 2011 کے دوران جرمنی کے شہر برلن میں تین مختلف مساجد پر آتش گیر مادے کے ذریعے حملہ کیا گیا۔

26  ستمبر 2016 کو جرمنی کے مشرقی شہر ڈریزڈن میں مسلمانوں کی ایک مسجد اور اس سے ملحقہ کانگریس سینٹر پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا، بعدازاں یہ حملہ کرنے والے ملزم نینو کو دس برس قید کی سزا سنا دی گئی۔

اسرائیل اور فلسطین

مئی سے جون 2010 کے دوران فلسطین کے علاقے نبلوس اور اسرائیل کے شہر کریات میں مساجد پر حملہ کرکے انہیں نذر آتش کیا گیا جبکہ کچھ کی دیواروں پر سپرے پینٹ کے ذریعے اسلام مخالف جملے بھی لکھے گئے۔

بھارت

27 اگست 2004 کو بھارت کے شہر جالنا میں مقامی مساجد میں ہونے والے دو الگ الگ بم دھماکوں کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوئے۔

بوسنیا اینڈ ہرزگوینیا

1990 کی دہائی میں بوسنیا کے لوگوں کی نسل کشی اور کوسوو جنگ کے دوران ’فوکا‘ کے علاقے میں تمام مساجد کو تباہ کر دیا گیا۔ 22 اپریل 1992 کو سربوں نے الادزا مسجد سمیت 16 ویں اور 17 ویں صدی کی دیگر آٹھ مساجد کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا