لاک ڈاؤن میں وزن گھٹانے کے لیے گھر کی کرسی ہی کافی

ماہر فٹس ٹرینر فاطمہ زہرا ملک کی بتائی گئی آسان سی ورزشوں سے نہ صرف آپ کا وزن گھٹے گا اور پیٹ کم ہوگا بلکہ آپ لاک ڈاؤن کے دوران اور بعد میں بھی چست و توانا رہیں گے۔

پاکستان میں کرونا (کورونا) وائرس کی وبا پھیلنے کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کو تقریباً ڈیڑھ ماہ ہو گئے ہیں۔ آپ گھر بیٹھے ہیں، کام کاج متاثر ہے اور آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن آپ چار پانچ کلو وزن تو بڑھا ہی چکے ہیں۔ اگر یقین نہیں آتا تو ایک پل کے لیے ذرا نظریں جھکا کر اپنے بدن کے اس سامنے والے حصے کو دیکھیے جو پسلیوں کے نیچے ہوتا ہے۔

 جی ہاں آپ کا پیٹ، جو اب تک یقیناً فٹبال نما ہو چکا ہوگا اور لاک ڈاؤن کے بعد جب یہ 'تحفہ' لے کر آپ آفس گئے تو یہ نہ صرف آپ کی آفس کی میز سے ٹکرائے گا بلکہ دفتر کے ساتھیوں کی نظریں آپ کے چہرے سے پہلے آپ کے پیٹ پر پڑیں گی۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ ایسا کوئی مسئلہ نہ ہو تو انڈپینڈنٹ اردو نے ماہر فٹس ٹرینر فاطمہ زہرا ملک کی مدد سے لاک ڈاؤن کے دوران کرنے والی مختلف آسان سی ورزشیں بتائی ہیں۔

آپ کو کرنا صرف یہ ہے کہ ڈائننگ ٹیبل سے ایک کرسی کھینچ کر لائیں اور آرام دہ کپڑے پہن کر فاطمہ کی بتائی گئی ان چند ورزشوں پر عمل کریں۔ ان سے نہ صرف آپ کا وزن گھٹے گا اور پیٹ کم ہوگا بلکہ آپ لاک ڈاؤن کے دوران اور بعد میں بھی چست و توانا رہیں گے۔

سب سے پہلی وزش انتہائی آسان ہے، جو رانوں اور پیٹ کو کم کرنے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ انہیں انگریزی میں ’سکواٹس‘ بھی کہا جاتا ہے۔ آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ کرسی پر بیٹھیں اور کھڑے ہوجائیں اور یہ عمل بیس سے تیس بار دہرائیں۔ اگر آپ کے لیے یہ بہت آسان ہے تو کرسی سے کھڑے ہونے بعد اپنی جگہ پر رہتے ہوئے ایک چھوٹی سی چھلانگ لگائیں۔ اس عمل کو دس سے بیس بار دہرائیں یا جتنی بار آپ سے ہوسکتا ہے۔

دوسری ورزش سے آپ کے بازوؤں کی چربی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے نہ صرف آپ کے بازو اچھی شکل میں آئیں گے بلکہ پیٹ پر بھی زور پڑے گا۔ یہ پہلی ورزش سے تھوڑی مشکل مگر کرنے میں بہت آسان ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے لیے کرسی کی سیٹ کا سہارا لیتے ہوئے اپنے پنجوں اور ایڑھیوں پر وزن ڈالتے ہوئے نیچے بیٹھیں۔ پھر اپنے بازوؤں کی مدد سے خود کو اوپر اٹھائیں اور دو سیکنڈ اس پوزیشن میں رہنے کے بعد پھر نیچے بیٹھ جائیں۔ یاد رہے اس ورزش کے دوران آپ کے کولہے زمین سے نہیں لگنے چاہییں۔

فاطمہ کہتی ہیں کہ تیسری اور آخری ورزش تھوڑی چیلنجنگ ہے مگر اس قدر کمال کی ہے کہ کچھ دنوں میں ہی آپ کو اپنے جسم میں فرق محسوس ہونا شروع ہوجائے گا۔

یہ ورزش کرنے کے لیے آپ کرسی سے تھوڑا دور زمین پر لیٹ جائیں۔ ایک جانب کروٹ لیں اور اپنے اور بازو کے بل پر خود کو تھوڑا اوپر اٹھالیں۔ اب ایک ٹانگ کرسی پر رکھیں اور صحیح طرح سے اسے بیلنس کرلیں۔ اگلا مرحلہ تھوڑا مشکل ہے لیکن اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔ اپنی کہنی، ہاتھ اور کرسی پر رکھی ہوئی ایک ٹانگ کی مدد سے اپنے پورے جسم کو زمین سے اوپر اٹھالیں۔ دس سے بیس سیکنڈ تک خود کو اس پوزیشن میں رکھیں اور پھر اپنے جسم کو زمین پر لے آئیں۔ جتنی مرتبہ ہوسکتا ہے اسے دہرائیں مگر کم از کم دو بار ضرور کریں۔

یہ صرف تین ورشیں اگر آپ روزانہ افطار کے بعد تھوڑا وقت نکال کر کرلیں تو فاطمہ کے مطابق آپ 100 سے 200 کیلوریز آرام سے کم کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ وزن یا پیٹ بڑھنے کی ٹینشن کو بھی الوداع کہا جاسکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹنس