پی ٹی وی سٹوڈیوز سے ایوان صدر تک کے سفر کی داستان

’تمغہ امتیاز‘ ملنے پر مہوش حیات نے ایک نہایت جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی لڑکیوں کو ایک پیغام بھی دیا۔

مہوش حیات اپنے تمغہ امتیاز کے ساتھ۔ تصویر: بشکریہ مہوش حیات انسٹاگرام اکاؤنٹ

’ایک آٹھ سالہ بچی مضبوطی سے اپنی والدہ کا ہاتھ تھامے پی ٹی وی سٹوڈیوز میں داخل ہوتی ہے۔ وہ اس بات سے بالکل ناواقف تھی کہ اُس کے اردگرد کیا ہورہا ہے، لیکن وہ وہاں کی روشنیوں اور کیمروں سمیت اس بات کو دیکھ کر بھی متاثر ہوئی کہ کس طرح اس کی والدہ، جو کہ ایک اداکارہ تھیں اور دیگر لوگ دل و جان سے اپنے کام میں مصروف ہیں۔‘

’ایک بچی کی حیثیت سے وہ وہاں لگائے سیٹس کو دیکھ کر تو بہت متاثر ہوئی لیکن سٹوڈیو میں ہونے والے اُس جادو کو وہ سکرین پر بھی دیکھ سکتی تھی، جو بہت سارے لوگوں کی آنکھوں میں خواب بُننے کا باعث تھا۔‘

’کل وہی لڑکی اُسی طرح اپنے اردگرد کے ماحول سے سحرزدہ، اپنی والدہ کا ہاتھ تھامے ایوان صدر میں داخل ہوئی۔ اُس لڑکی کو معلوم تھا کہ وہ اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ اسے وہاں اتنے نامور لوگوں کے درمیان ایک باوقار اعزاز سے نوازا جائے گا، جن میں سے بہت سوں کو وہ خود ہیروز  کے طور پر مانتی ہے۔‘

’دل سے وہ، کراچی سے تعلق رکھنے والی وہی سادہ سی لڑکی تھی، جسے اپنے خواب پورے کرنے کا موقع ملا۔ پی ٹی وی سے ایوان صدر تک کا اُس کا سفر طویل تھا اور کسی بھی طرح سے آسان نہیں تھا، لیکن اُس نے کبھی اپنے خوابوں میں بھی یہ نہیں سوچا تھا کہ اسے اس عمر میں اس طرح سے تسلیم کیا جائے گا۔‘

’نہ ہی کبھی اُس نے سوچا تھا کہ پاکستانی سینما کی بحالی میں اُس کا کوئی کردار ہوگا اور اس کی خدمات کا اس طرح سے اعتراف کیا جائے گا!‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

23 مارچ کو ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر ایوان صدر میں ہونے والی ایک باوقار تقریب میں اداکارہ مہوش حیات کو ’تمغہ امتیاز‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

جس وقت سول ایوارڈز کی فہرست جاری کی گئی تو تمغہ امتیاز کے لیے مہوش حیات کا نام دیکھ کر سوشل میڈیا پر لوگوں نے فوراً تنقید شروع کردی اور ان کی خدمات اور کامیابیوں حتیٰ کہ کردار پر بھی سوال اٹھائے گئے۔

اور اب ایوارڈ وصول کرنے کے بعد مہوش نے انسٹاگرام پر نہایت جذباتی انداز میں اپنے خوابوں کی کہانی بیان کی۔

مہوش نے ’تمغہ امتیاز‘ عطا کرنے پر اور اُس چھوٹی سی بچی کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے پر حکومت پاکستان اور صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید لکھا، ’آج میں پاکستان کی اُن تمام لڑکیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ’امید خوابوں، تصورات اور اُن لوگوں کے عزم و ہمت میں پوشیدہ ہے، جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔‘

آخر میں مہوش نے اپنی حمایت پر اہلخانہ، دوست احباب اور تمام مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی وجہ سے وہ اس اعزاز کی مستحق ٹھہریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین