دمشق پر میزائل حملہ، دو ہلاکتیں سات افراد زخمی

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق دمشق کے جنوب میں اسرائیلی راکٹ حملوں کے بعد کم از کم دو افراد کی ہلاکت اور سات زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(فائل فوٹو- اے ایف پی)

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق دمشق کے جنوب میں اسرائیلی راکٹ حملوں کے بعد کم از کم دو افراد کی ہلاکت اور سات زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے سے کچھ پہلے خود کار میزائل دفاعی نظام ایکٹیو ہونے کے بعد، شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اعلان کیا کہ یہ میزائل حملے اسرائیلی مقبوضہ گولان ہائٹس کی جانب سے کیے گئے تھے۔

شام کے فوجی ذرائع کے مطابق زیادہ تر میزائلوں کو زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

حملے میں تمام تر نقصان اور ہلاکتیں فوجی نوعیت کی ہونے کے بعد مبصرین کی جانب سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ اس میزائل حملے کا نشانہ شام کی فوجی پوزیشنیں ہی تھیں۔

اگرچہ اسرائیل اس طرح کے فوجی تنازعات پر شاذ ہی رائے دیتا ہے لیکن شام نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گذشتہ تین ماہ کے دوران شامی سرحدوں پر کم سے کم آٹھ فضائی حملے کیے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مبصرین کے مطابق اسرائیل نے  بالخصوص ایرانی فوجی دستوں کے زیر تسلط اہم پوسٹوں پر بارہا حملے کیے۔ ایران اس خانہ جنگی میں شام کا مددگار سمجھا جاتا ہے لیکن تہران کی مداخلت اسرائیل کے لیے مسلسل خطرے کا نشان ہے۔ اسرائیل، ایران کی جانب سے خطے میں کسی بھی عسکری پیش قدمی کی راہ میں مستقل مزاحم ہے۔

اسرائیلی حکام نے حالیہ مہینوں میں حزب اللہ کی جانب سے ریموٹ کنٹرول میزائل بنانے کے ارادے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ حزب اللہ شام میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ لبنانی عسکریت پسند گروپ ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل لبنان سرحد پر بھی تناؤ بڑھ چکا ہے۔

گذشتہ ماہ شام پر اسرائیلی حملوں کے دوران حزب اللہ کا ایک رکن ہلاک ہوا تھا۔ لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ نے اس کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہے۔ حسن نصراللہ نے اس اتوار کو ارادہ ظاہر کیا ہے کہ جب بھی شام میں اسرائیل حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنائے گا، ایسی ہر کارروائی کا بھرپور بدلہ لینے کے لیے اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا جائے گا۔

(اس رپورٹ میں خبر رساں اداروں کی معاونت شامل ہے۔)

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا