بالی وڈ میں جناح کی نجی زندگی پر فلم کا منصوبہ

محمد علی جناح کی شادی شدہ زندگی پر یہ فلم یا ویب سیریز شیلا ریڈی کی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج وچ شاک انڈیا‘ پر مبنی ہو گی۔

محمد علی جناح (تصویر بشکریہ وکی میڈیا)

بالی وڈ میں کئی نامور تاریخی شخصیات مثلاً مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، بھگت سنگھ اور سردار پٹیل وغیرہ پر فلمیں بنائی جا چکی ہیں لیکن اب پہلی بار بھارتی شوبز انڈسٹری بانی پاکستان محمد علی جناح کی ذاتی زندگی پر فلم بنانے جا رہی ہے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ٹپس انڈسٹریز‘ سے منسلک بالی وڈ پروڈیوسر کمار تورانی نے شیلا ریڈی کی لکھی ہوئی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج وچ شاک انڈیا‘ کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

تورانی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ’جی ہاں ہم نے ابھی (کتاب کے) حقوق خریدے ہیں لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ اس کو کس شکل میں فلم بند کیا جانا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں ایک تخلیقی ٹیم کی ضرورت ہوگی جس میں ایک ڈائریکٹر اور مصنف شامل ہیں۔ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔‘

’دا نیویارکر‘ نے اس کتاب کو ’ایک ناقص شادی پر گہرا مطالعہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے 42 سالہ بیرسٹر جناح کی بمبئی سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ رتن بائی سے بین المذاہب شادی سے پیدا ہونے والے ’سکینڈل‘ پر روشنی ڈالی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تورانی کا کہنا ہے کہ شیلا ریڈی کی کتاب، جو جناح کے سیاسی سفر کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے کردار کا احاطہ کرتی ہے، کو سب سے پہلے ان کی تخلیقی ٹیم نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ دلچسپ موضوعات کی تلاش میں رہتا ہوں جن میں ادبی کام بھی شامل ہیں۔ جب تخلیقی ٹیم نے یہ کتاب تجویز کی تو میں نے سوچا کہ یہ بہت ہی دلچسپ اور انوکھا پروجیکٹ ہو سکتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ اس کہانی پر فیچر فلم بنائی جائے یا ویب سیریز۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم