جدہ: غیر مسلموں کے قبرستان میں بم دھماکہ، پاکستان کی شدید مذمت

گورنر مکہ کے دفتر نے قبرستان میں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد میں منعقدہ تقریب کے دوران ہونے والے بم حملے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، جن میں یونان کے قونصل خانے کے ایک اہلکار اور ایک سکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔

واقعے کے بعد سعودی پولیس نے اطراف کی سڑکیں بند کردیں (تصویر: اے ایف پی)

پاکستان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد میں منعقدہ تقریب کے دوران ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق گورنر مکہ کے دفتر نے بدھ کو قبرستان میں منعقدہ تقریب کے دوران ہونے والے بم حملے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں یونان کے قونصل خانے کے ایک اہلکار اور ایک سکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔

تاہم یونانی قونصل خانے کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ واقعے میں چار افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ 'جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد میں بدھ کی صبح ہونے والی تقریب میں فرانس سمیت کئی ملکوں کے قونصل خانوں کے اہلکار شریک تھے۔ تقریب کو دیسی ساختہ بم سے حملے کا نشانہ بنایا گیا جس سے متعد افراد زخمی ہو گئے۔'

مزید کہا گیا: 'فرانس اس بزدلانہ اور بلاجواز حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک سو دو برس قبل جرمنی اور اتحادی ملکوں کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی جنگ ختم ہو گئی تھی، جس کی یاد میں ہر سال مختلف ملکوں میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے موقعے پر پیش آیا ہے، جب فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں نے پہلی عالمی جنگ کی یاد میں پیرس میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ فرانسیسی صدر نے فرانس میں پے درپے ہونے والے حملوں کے بعد طنزیہ فرانسیسی میگزین چارلی ایبدو میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی حمایت اور اسلامی شدت پسندی کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انہیں مسلم دنیا میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔

دریں اثنا فرانسیسی سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات میں اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سیاحتی مقامات اور غیرملکیوں کے علاقے میں احتیاط سے کام لیں۔ سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا کہ فرانسیسی شہریوں کی مکمل حفاظت یقینی بنانے کے سفارت خانہ اماراتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں سعودی سکیورٹی فورسز کی جانب سے واقعے پر فوری ردعمل کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں اور سعودی مملکت کے اپنے تحفظ اور سلامتی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حامی ہیں۔'
 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا