پی ڈی ایم جان بوجھ کر لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے: عمران

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ صرف این آر او کے لیے اپنے جلسوں سے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

عمران خان نے کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا (اے ایف پی)

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ صرف این آر او کے لیے اپنے جلسوں سے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔

ساتھ میں ان کا کہنا تھا کہ کرونا کی صورتحال کے باوجود پی ڈی ایم کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملک بھر میں جلسوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج یعنی اتوار کو پشاور میں جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر میں کرونا کے کیسز میں دوسرا سپائک آیا ہے اور کئی ممالک میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ پاکستان میں پی ڈی ایم جلسوں سے جان بوجھ کر لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں کیونکہ اگر کیسز اسی شرح سے بڑھتے رہے جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں تو ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا اور اس کے نتائج کی ذمہ داری پی ڈی ایم پر ہو گی۔‘

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن این آر او حاصل کرنے کے لیے سنگ دلی سے لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کو تباہ کر رہی ہے۔‘

’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ لاکھوں جلسے کر لیں مگر این آر او نہیں ملے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں لاک ڈاؤن جیسا اقدام نہیں اٹھانا چاہتا، کیونکہ اس معیشت کو نقصان پہنچے گا جس کے اب کہیں جا کر بہتر اشارے مل رہے ہیں۔‘

’بدقسمتی سے اپوزیشن کا واحد مقصد این آر او ہے، چاہے اس کی قیمت لوگوں کی زندگیاں ہوں یا ملک کی معیشت۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم پاکستان نے کرونا کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گذشتہ 15 دنوں کے دوران وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ریکارڈ بھی بتایا ہے۔

دوسری جانب حکومت کی طرف سے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم پشاور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم کے لیڈران کا حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر کہنا ہے کہ وہ ہر صورت میں جلسہ کریں گے۔

پی ڈی ایم اب تک گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں تین جلسے کر چکی ہے۔ چوتھا پشاور جبکہ پانچواں جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں اور چھٹا 13 دسمبر کو لاہور میں ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان