لاہور میں تھانے پر خود کش حملے کی کوشش ناکام

حملہ آور نے برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اسے ہلاک کر دیا گیا۔ طالبان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

(اے ایف پی فائل فوٹو)

انسداد دہشت گردی پولیس نے منگل کی صبح لاہور میں ایک خود کش بمبار کو حلمے کرنے سے پہلے ہلاک کر دیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس ترجمان کے مطابق خود کش بمبار کا ہدف برکی روڈ پر واقع سی ٹی ڈی پولیس سٹیشن تھا۔

ترجمان کے مطابق حملہ آور نے صبح پانج بج کر 30 منٹ پر سی ٹی ڈی تھانہ واقع برکی روڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جب سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار نے اس مشکوک شخص سے شناخت پوچھی تو اس نے سکیورٹی اہلکاروں پر گولیاں چلانی شروع کر دیں، سکیورٹی اہلکار اس اچانک فائرنگ کی زد میں آنے سے محفوظ رہے البتہ جوابی فائرنگ میں ’دہشت گرد‘ ہلاک ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی تلاشی کے دوران اس کے پاس سے خود کش جیکٹ اور دو ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ’دہشت گرد کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی البتہ اس کا نشانہ سی ٹی ڈی تھانہ ہی تھا۔‘

اس حملے کے بعد برکی کے قریبی علاقوں میں حملے کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا جنہوں نے جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جلد مکمل نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ دہشت گرد کی لاش کو سی ٹی ڈی پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے بیان جاری کرتے ہوئے سی ٹی ڈی تھانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ بیان میں محمد خراسانی نے حملے کو 'پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں مبارک استشہادی حملہ' کا عنوان دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق 'آج منگل کی صبح صوبائی دارالحکومت لاہور کے برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے کے قریب ایک پولیس بس کو تحریک طالبان پاکستان کے مبارک استشہادی مجاہد نے حملے کا نشانہ بنایاـ حملے کے بعد بس میں بیٹھے تمام پولیس اہلکار ہلاک و زخمی ہوگئے اور بس مکمل طور پر تخریب کا نشانہ بنی۔

خراسانی کے اس بیان کے حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے سی ٹی ڈی کے افسران سے رابطے کی کوشش کی مگر انہوں نے فی الحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

برکی روڈ لاہور ایک مشہور علاقہ ہے جس کے گرد و نواح میں شہر کے بیشتر حساس علاقے بھی آتے ہیں، ان میں لاہور چھاؤنی، صدر، پیراگون سٹی، بیدیاں روڈ، لاہور ائیر پورٹ اور ڈیفنس کے علاقے شامل ہیں۔ یہاں جگہ جگہ سکیورٹی چیک کے لیے چوکیاں بھی قائم ہیں۔

گذشتہ روز باجوڑ میں سکیورٹی اہلکاروں نے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جو باجوڑ اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مبینہ دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کو سرحد پار را ایجنسی کا تعاون حاصل تھا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان