اسرائیلی وزیر دفاع نے نتن یاہو کی حکومت گرانے کی حمایت کر دی

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر دفاع اور متبادل وزیراعظم بینی گینٹز نے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی حمایت کرکے وزیراعظم نتن یاہو کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ ان کی بجٹ تجاویز کی حمایت کر سکیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع اور متبادل وزیراعظم بینی گینٹز  کی  اعتدال پسند بلیو اینڈ وائٹ پارٹی اس وقت نتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومتی جماعت لکوڈ کی اہم اتحادی ہے۔(تصویر: اے ایف پی)

اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے وزیر اعظم نتن یاہو کی حکومت گرانے کی حمایت کر دی۔

وزیر دفاع بینی گینٹز ، جو کہ متبادل وزیر اعظم بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت حزب اختلاف کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی اس قرارداد کی حمایت کرے گی جس کے تحت حکومت ختم کر کے اسرائیل کو دو سال کے اندر اندر چوتھے انتخابات کروانے پڑیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گینٹز کی اعتدال پسند بلیو اینڈ وائٹ پارٹی اس وقت نتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومتی جماعت لکوڈ کی اہم اتحادی ہے۔

یہ حکومتی اتحاد تین انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف سخت مقابلے کے بعد بھی کوئی واضح فاتح سامنے نہ آنے کے بعد قائم کیا گیا تھا۔

بینی گینٹز اسرائیلی فوج کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نتن یاہو کی جانب سے بجٹ تجاویز کی حمایت نہ کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ انتخابات کی جانب جانا چاہتے ہیں۔

اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کل اسرائیلی پارلیمان کی تحلیل کے لیے پیش کی جانے والی قرار دار کی حمایت کرے گی۔

اگر یہ قرارداد پاس ہو جاتی ہے تو اس کے باوجود نئے الیکشن کے لیے مزید کئی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گینٹز کے خطاب سے کچھ دیر قبل نتن یاہو نے ٹوئٹر پر جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں بینی گینٹز  پر اس قرارداد کی حمایت نہ کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'یہ وقت انتخابات کا نہیں ہے۔ یہ متحد ہونے کا وقت ہے۔'

نتن یاہو اور بینی گینٹز کی یہ اتحادی حکومت اپریل میں ایک معاہدے کے بعد قائم ہوئی تھی، جس کا مقصد اسرائیل میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ کرنا تھا۔ اس تین سالہ معاہدے کے تحت نصف مدت کے لیے نتن یاہو کو وزیر اعظم رہنا تھا جبکہ نومبر 2021 میں بینی گانٹز نے یہ عہدہ سنبھالنا تھا۔

نتن یاہو کے ناقدین ان پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ بجٹ منظوری اس لیے نہیں دے رہے کہ وہ وزیر اعظم کا عہدہ بینی گینٹز کو سونپنا نہیں چاہتے۔

دوسری جانب بینی گینٹز نے نتن یاہو سے اپنی اپیل میں زور دیا کہ وہ اس معاملے پر کابینہ میں رائے شماری کروا لیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گینٹز نے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی حمایت کرکے نتن یاہو کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ ان کی بجٹ تجاویز کی حمایت کر سکیں جبکہ گینٹز خود بھی انتخابات کی جانب جا کر اپنے لیے سیاسی مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

ان کا بلیو اور وائٹ اتحاد اس وقت تقسیم ہو گیا تھا جب انہوں نے اپنی مقبولیت میں واضح کمی کے بعد نتن یاہو سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا