افغان کرکٹر راشد خان کی واہ واہ

آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 فارمیٹ میں دہائی کا بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے پر افغانستان کے کرکٹر راشد خان کو بہت سراہا جارہا ہے۔

ٹی 20 کے  دہائی کے بہترین کھلاڑی راشد خان (تصویر: اے ایف پی)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے افغانستان کے سب سے مشہور کرکٹر راشد خان کو ٹی 20 فارمیٹ میں دہائی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

راشد خان، جو افغان قومی کرکٹ ٹیم کے رکن ہیں اور مختلف غیر ملکی کلب ٹیموں کے لیے بھی کھیلتے ہیں، پچھلی دہائی کے کھیلوں میں متعدد وکٹیں حاصل کرکے بہترین پوزیشن حاصل کرچکے ہیں۔

راشد خان کے بہترین کھلاڑی کے طور پر انتخاب کا افغانستان میں خیرمقدم کیا گیا ہے۔

راشد خان کو ان کی فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے افغان صدر محمد اشرف غنی نے لکھا: ’راشد خان اور مختلف کھیلوں میں ان کی طرح نوجوان لڑکیاں اور لڑکے جدید افغانستان کے نمائندے ہیں۔ وہ نوجوان نسل کے علم بردار اور ہمارے ملک کی کامیابیوں، نئی اقدار اور ترقی کے بہادر رکھوالے ہیں۔ یہ نوجوان لڑکیاں اور لڑکے آزاد اور خوشحال افغانستان کی آزاد آواز اور واضح شبیہہ ہیں، جو کھیلوں کے مختلف میدانوں میں اپنی قوم کی نمائندگی کرتے ہیں اور پوری دنیا کے عوام کے ساتھ مضبوط بلند اقدار اور خواہشات کی حقیقی آواز بانٹتے ہیں۔‘

افغانستان کے صدر نے تمام شعبوں میں نوجوان نسل کی ترقی پر زور دیتے ہوئے مزید کہا: ’مجھے یقین ہے کہ افغانستان کی نوجوان نسل معاشرے کے ہر طبقے میں ذمہ داری کے ساتھ رہنمائی کرتی رہے گی اور اپنی کامیابیوں اور بہادری سے ہمارے لوگوں کی آنکھیں روشن کرے گی۔ حکومت افغانستان کی جانب سے، میں راشد خان کو اس عظیم اعزاز پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ مستقبل کے اثاثوں کی زیادہ سے زیادہ حمایت ہمارے لیے ترجیح ہے۔‘

افغانستان کی قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے بھی راشد خان کو گذشتہ دہائی کا بہترین کھلاڑی قرار دیئے جانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا: ’پرامن اور عدم تشدد والے افغانستان میں، اگر حالات صحیح ہوں تو کوئی بھی نوجوان افغان ایسی فتوحات حاصل کرسکتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طالب علم اور کرکٹ کے مداح شیراز محمدی کہتے ہیں: ’میں کرکٹ اور کھلاڑیوں سے پیار کرتا ہوں۔ راشد خان کو افغان کھلاڑیوں میں ایک خاص مقام حاصل ہے کیونکہ چھوٹی عمر میں ہی وہ چمکنے اور بڑی چیزوں کو حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ دہائی کے بہترین کھلاڑی کی حیثیت سے ان کا انتخاب قومی کرکٹ ٹیم اور ہمارے لوگوں کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ہمیں یہ عظیم اعزاز منانا چاہیے تاکہ دوسرے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے اور تمام کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ کامیابی مل سکے۔‘

ارسلان غفوری کرکٹ کھیلنا اپنا ’پیار‘ سمجھتے ہیں اور فی الحال کابل کی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’مجھے کرکٹ کھیلنا پسند ہے اور میری خواہش ہے کہ ایک دن راشد خان کی طرح میں بھی عالمی سطح پر کھیل سکوں اور اپنے ملک پر فخر کروں۔ میں راشد خان، ان کے اہل خانہ، قومی کرکٹ ٹیم اور افغانستان کے تمام لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ ہمارے ملک میں جلد سے جلد امن قائم ہو اور ہمارے تمام نوجوان ان شعبوں میں ہیرو بن سکیں جس میں وہ جدوجہد کرتے ہیں۔ میں حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ راشد خان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ مزید فتوحات حاصل کر سکیں۔‘

راشد خان 1998 میں افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 2017 میں زمبابوے کے خلاف اپنے ملک کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پہلا میچ کھیلا تھا۔

راشد خان کرکٹ کھیلنے کے پہلے ہی دن سے چمک اٹھے اور کم وقت اور کم عمر کے باوجود بھی وہ اپنے ملک کے کھلاڑیوں میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے ہمیشہ افغان قومی کرکٹ ٹیم کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس ٹیم کے لیے اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔

راشد خان کئی نامور عالمی لیگوں میں کھیل چکے ہیں اور فی الحال آسٹریلیائی کرکٹ لیگ میں کھیل رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ