پاکستان کا ٹرک آرٹ اب فضاؤں میں ’اڑے‘ گا

کراچی میں ایک فلائنگ اکیڈمی نے سیسنا جہاز پر ٹرک آرٹ استعمال کر کے اسے نیا روپ دینے کی کوشش کی ہے۔

عمران اسلم خان دیگر طیاروں کو بھی ایسے پینٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں (روئٹرز)

مشہور زمانہ پاکستانی ٹرک آرٹ اب سڑکوں سے آڑ کر آسمانوں کی بلندیوں میں دکھائی دینے والا ہے کیونکہ ایک فلائنگ اکیڈمی کچھ جہازوں پر اس آرٹ کا استعمال کر رہی ہے۔

کراچی میں ایک فلائنگ اکیڈمی نے دو سیٹوں والے سیسنا جہاز پر ٹرک آرٹ استعمال کر کے اسے نیا روپ دینے کی کوشش کی ہے۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسی جگہ ہوگی جہاں پاکستانی ٹرک آرٹ نہ پہنچا ہو مگر ایسا پہلے مرتبہ ہونے جا رہا ہے کہ جہازوں کو اس آرٹ کے رنگوں سے مزین کیا جا رہا ہے۔

سکائی ونگز نامی فلائٹ ٹریننگ آرگنائزیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم خان نے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں صرف فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور شدت پسندی جیسے مسائل ہی نہیں بلکہ یہ ایک مختلف اور ممکنات کی سرزمین ہے۔‘

عمران اسلم خان دیگر طیاروں کو بھی ایسے پینٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ٹرک آرٹ پاکستان کی دنیا میں نئی پہچان بنا ہے۔ مثال کے طور پر یونسیکو نے خیبرپختونخوا میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ٹرک آٹ کا استعمال کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جہازوں پر پینٹ کرنے والے آرٹسٹ حیدر علی اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’دنیا ہمارے ٹرک آرٹ کو پہلے ہی جانتی ہے، اب اس جہاز کے ذریعے ہمارے رنگ فضاؤں میں اڑیں گے، ہم بہت پرجوش ہیں۔‘

اپنے والد سے پینٹنگ کی تربیت حاصل کرنے والے حیدر بچپن سے ہی ٹرکوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں ایئر بس یا بوئنگ کے طیاروں پر بھی ایسا ہی پینٹ کریں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایسے دیو قامت طیاروں پر کام کرنا انتہائی زبردست تجربہ ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن