ایران: بلوچ ’عسکریت پسند‘ رہنما جاوید دہقان کو پھانسی

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق جس ایرانی عدالت نے جاوید دہقان کو سزا سنائی تھی وہ اذیت دے کر اعتراف کرانے پر انحصار کرتی ہے اور تحقیقات کے دوران پاسداران انقلاب کے ایجنٹوں اور استغاثہ حکام کی جانب سے نامناسب کارروائی اور سنگین زیادتیوں کو نظرانداز کیا جاتا ہے

(این سی آر ۔ ایران)

ایران نے ہفتے کو بلوچ نسل سے تعلق رکھنے والے ایک ’عسکریت پسند‘ رہنما کو پاسداران انقلاب کے قتل کے ’جرم‘ میں پھانسی دے دی۔

تہران کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ نے ایک روز قبل ہی ایرانی حکام سے اس کی جان بخشی کی اپیل کی تھی۔

ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ ’میزان‘ کے مطابق سنی عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے رہنما جاوید دہقان کو پانچ سال قبل جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں پاسداران انقلاب کے دو گارڈز کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے جرم میں موت کی سزا دی گئی ہے۔

جمعے کو ایک ٹویٹ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اس پھانسی پر عمل درآمد روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے  دسمبر کے وسط سے ’پھانسیوں کے ایک سلسلے‘ جس میں اقلیتی گروہوں کے افراد سمیت کم سے کم 28 افراد کو موت کی سزا دی گئی، کی بھی مذمت کی تھی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے ایران کو اس کے انسانی حقوق کے خراب ریکارڈ اور بڑی تعداد میں سزائے موت دینے پر ایرانی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ جس عدالت نے جاوید دہقان کو سزا سنائی تھی وہ اذیت دے کر اعتراف کرانے پر انحصار کرتی ہے اور تحقیقات کے دوران پاسداران انقلاب کے ایجنٹوں اور استغاثہ کے حکام کی جانب سے نامناسب کارروائی اور سنگین زیادتیوں کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔

افغانستان اور پاکستان کی سرحد سے متصل ایرانی صوبہ سیستان بلوچیستان کو طویل عرصے سے سکیورٹی فورسز اور سنی عسکریت پسندوں اور منشیات سمگلروں کے مابین اکثر جھڑپوں کا سامنا رہا ہے۔

اس صوبے کی آبادی کی اکثریت سنی مسلمانوں پر مشتمل ہے جبکہ باقی ایران میں شیعہ اکثریت غالب ہے۔

جیش العدل، جس کا کہنا ہے کہ وہ نسلی اقلیت بلوچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ حقوق اور بہتر زندگی کے خواہاں ہیں، نے حالیہ برسوں میں اس صوبے میں ایرانی سکیورٹی فورسز پر ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس سے قبل سرکاری میڈیا نے بتایا کہ عرب نسل کی اکثریت والے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں بھی جمعرات کو داعش کے رکن ایرانی شہری کو بھی نیم فوجی میلشیا کے دو ارکان کو ہلاک کرنے کے جرم میں سزائے موت دی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا