چین سے کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

 وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی ٹویٹ میں کہا: ’ہم چین اور ان سب کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے یہ ممکن ہو سکا ہے۔‘

چین سے آنے والی ویکسین  کی پہلی کھیپ اسلام آباد نور خان ایئر بیس پر وصول کی گئی۔ (تصویر: آئی ایس پی آر)

پاکستانی فضائیہ کا ایک خصوصی طیارہ چین سے کرونا (کورونا) ویکسین کی پہلی کھیپ لے کر پاکستان واپس پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سوموار کو اپنی ٹویٹ میں کہا: ’ہم چین اور ان سب کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے یہ ممکن ہو سکا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور صوبوں نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں اپنے فرنٹ لائن ورکرز کو بھی مسلسل جدوجہد پر سلیوٹ پیش کرتا ہوں اور انہیں سب سے پہلے ویکسین دی جائے گی۔‘

یہ فیصلہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ یی کے درمیان 21 جنوری کو ہونے والے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا گیا تھا، جب چینی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ’چین پاکستان کو سائنو فارم ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کا تحفہ بطور امداد دے گا۔‘

اتوار کو کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے بیان کے مطابق اس حوالے سے اہم اقدامات اٹھا لیے گئے ہیں اور ویکسین کو اسلام آباد میں محفوظ کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ویکسین کو اسلام آباد میں محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا لیے گئے ہیں اور سندھ اور بلوچستان کے لیے ویکسین کو بذریعہ ہوائی جہاز بھیجا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این سی او سی نے ویکسین نرو سینٹر بھی قائم کیا ہے، جہاں صوبائی اوراضلاع کی انتظامیہ سے ویکسینیشن کے لیے کوآرڈی نیشن کی جائے گی۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق ویکسین چینی فرمز کو پاکستان برآمد کرنے کی ہدایت دینے سے پہلے کھیپوں میں بھیجی جائے گی۔ گذشتہ ماہ پاکستان ریگولیٹری اتھارٹی نے سائنو فارم اور آسٹرازینیکا نامی آکسفورڈ کی تیار کردہ دو ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی منطوری دی تھی۔ 

ہفتے کو وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان اگلے چھ ماہ میں آسٹرازینیکا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں حاصل کر لے گا۔

ٹوئٹر پر ’اچھی خبر‘ کا اعلان کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی ادارہ صحت نے آگاہ کیا ہے کہ کوویکس فورم کے تحت پاکستان کو ویکسینز دی جائیں گی جو ترقی پذیرممالک میں ویکسینز کی تقسیم کو یقینی بنائے گا۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سوموار تک پاکستان میں کرونا کے پانچ لاکھ 46 ہزار 428 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 26 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی صحت