’ پی آئی اے کے زیراستعمال تمام بوئنگ 777 طیارے محفوظ‘

امریکہ اور نیدرلینڈز میں دوران پرواز بوئنگ طیاروں کو پیش آنے والے حادثوں کے بعد کمپنی نے دنیا بھر میں اپنے تمام 777 طیارے گراؤنڈ کرنے کے اعلان کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے پاس 12 بوئنگ 777 طیارے ہیں۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

امریکہ اور نیدرلینڈز میں دوران پرواز بوئنگ طیاروں کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کمپنی کے تمام 777 طیارے گراؤنڈ کرنے کے اعلان پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے واضح کیا ہے کہ اس کے بیڑے میں شامل 12 بوئنگ 777 طیارے جنرل الیکٹرک انجن کے حامل ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق جنرل الیکٹرک انجن والے 777 طیارے نہایت محفوظ تصور کیے جاتے ہیں اور پوری دنیا میں تقریباً ایک ہزار کی تعداد میں استعمال ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے اپنے تمام 777 طیاروں  کو گراؤنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی ترجمان کے مطابق پریٹ اینڈ وٹنی انجن والے تمام 128 طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ امریکی شہر ڈینور سے روانہ ہونے والی ایک پرواز کے دوران طیارے میں آگ بھڑکنا ہے، جس کی امریکی ریگولیٹر تحقیقات کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی ترجمان نے اپنے پیغام میں تمام 777 طیاروں، جن میں مذکورہ انجن استعمال کیے گئے تھے، کو گراؤنڈ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یونائیٹڈ ایئرلائنز کے زیر استعمال پی ڈبلیو 4000 جو جاپان اے این اے اور جے اے ایل گروپس کے علاوہ جنوبی کوریا کی آسیانہ ایئر لائنز کے زیر استعمال ہیں، کو بھی گراؤنڈ کر دیا گیا۔

اس طیارے میں 231 مسافر اور عملے کے 10 افراد سوار تھے۔ طیارے کے ڈینور ہوائی اڈے واپسی پر اس کے انجن کا سامنے والا ڈھکن غائب تھا جو دوران پرواز ایک گھر کے صحن میں گر گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں طیارے یا زمین پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ 

بوئنگ کمپنی کے ایک اور تیار کردہ طیارے 747 سے بھی نیدرلینڈز میں انجن کے کچھ ٹکڑے پرزے زمین پر آ گرے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہفتے کو جنوبی نیدرلینڈز کے علاقے میں دوران پرواز ایک دھماکے کے بعد انجن کے کچھ ٹکڑے زمین پر گرے۔

ڈچ سیفٹی بورڈ کے حکام کے مطابق اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ماسٹررچٹ ایئرپورٹ کی ترجمان کے مطابق اس حادثے میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان