باڑہ کے کرکٹر، پشاور زلمی میں کھیلنے کے خواہشمند کیوں؟

پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے آبائی ضلعے خیبر میں بچوں، بڑوں اور نوجوانوں کی اکثریت زلمی کے ہی گُن گا رہی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 شروع ہوتے ہی خیبر پختونخوا میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔کرکٹ کے میدان آباد ہوگئے ہیں جبکہ گلی کوچوں میں بھی کرکٹ کے متوالے پی ایس ایل کی من پسند ٹیم کی شرٹ پہنے اپنی سپورٹ اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے آبائی ضلعے خیبر کی تحصیل باڑہ میں بچوں، بڑوں اور نوجوانوں کی اکثریت پشاور زلمی کے ہی گُن گا رہی ہے اور اکاخیل، شلوبر، سپاہ اور قمبر خیل علاقوں میں واقع میدانوں میں جگہ جگہ نوجوان کرکٹ کھیلتے نظر آتے ہیں۔

ضلع خیبر کھیلوں کے حوالے سے بہت مشہورہے، جہاں کے بڑے بڑے نام پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب بھی کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں پر کرکٹ سب سے زیادہ مقبول کھیل ہے۔

باڑہ کے رہائشی عبدالرحیم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے کوششیں کرنے پر جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انہیں پیغام دیا کہ ’وہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ علاقے کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرکے کرکٹ کھیلنے کے مزید مواقع پیدا کریں۔‘

خان کریم کا تعلق باڑہ کے اکاخیل علاقے سے ہے۔ وہ شعبے کے لحاظ سے انجینیئر ہیں لیکن انہیں کرکٹ کا بہت شوق ہے۔ انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’وہ خود بھی کرکٹ کھیلتے ہیں۔ پی ایس ایل ایک اچھی سرگرمی ہے اور وہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔‘ زلمی ٹیم کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اچھا کھیلیں۔ دباﺅ میں نہ آئیں۔‘

خان کریم نے مزید بتایا کہ چونکہ وہ پٹھان ہیں اور پشاور زلمی کی ٹیم پشاور کی نمائندگی کرتی ہے تو وہ زلمی کو ہی سپورٹ کریں گے اور ان کی جیت کے لیے دعاگو رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر میں کئی بڑے بڑے کرکٹ کے کھلاڑی ہیں اور مستقبل میں ان کو بھی زلمی کا حصہ بنانا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

باڑہ کے سپاہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے مقامی کھلاڑی عیسیٰ خیل آفریدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ پشاور زلمی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا تعلق بھی قوم سپاہ سے اور جاوید آفریدی کا تعلق بھی قوم سپاہ سے ہے تو ہمیں خوشی ہوگی کہ پشاور زلمی اچھی کار کردگی دکھا کر ٹورنامنٹ جیتے۔‘

جاوید آفریدی کو پیغام دیتے ہوئے عیسیٰ خیل آفریدی نے کہا کہ ’انہیں علاقے میں کرکٹ کی مزید بہتری کی غرض سے اپنی قوم کے لیے ایک کرکٹ اکیڈمی بنانی چاہیے تاکہ یہاں سے مزید کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔‘

باڑہ کے ہی رہائشی ریاض خان بھی پشاور زلمی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ بقول ریاض: ’جاوید آفریدی ان کے پڑوسی ہیں اور بھائیوں کی طرح رہتے ہیں تو لازمی بات ہے کہ اپنی ہی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔‘

دوسری جانب نوجوان کھلاڑی فضل محمود، جو برقمبر خیل کے رہائشی نے کہا کہ ’پشاور زلمی اپنی ٹیم ہے، ٹیم کے مالک جاوید آفریدی اپنے قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے مجھے پسند ہے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کو سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ وہ ٹیلنٹ کو پروموٹ کرتے ہیں۔

جاوید آفریدی کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آفریدی قوم میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، اس لیے ان پر بھی توجہ دینی چاہیے اور کم از کم قبائلی اضلاع سے پشاور زلمی میں ایک سے دو کھلاڑی ضرور لینے چاہییں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ