پاکستان میں کرونا: دن میں پانچ ہزار سے زائد کیس، سو سے زیادہ اموات

پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔

(اے ایف پی)

پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔

اب تک پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 15229 تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 105 افراد بھی شامل ہیں جو ملک میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ملک میں کرونا وائرس کے اعداد و شمار کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ تین روز کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو منگل کو 102، بدھ کو 98 اور جمعرات کو 105 افراد کی موت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اس وقت 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل جاری تو ہے مگر تاحال اس میں تیزی نہیں لائی جا سکی ہے۔ تاہم وفاقی وزیر برائے منصونہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ عید کے بعد تمام شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ پانچ سے چھ ہفتوں کو اہم قرار دیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ عید کے بعد پاکستان یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے قابل ہو گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگر ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی بات کی جائے تو اب تک سات لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کل 54,948 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 5312 افراد میں کورنا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے قبل بدھ کو کرونا کیسز کی تعداد 5329 تھی جو رواں برس کرونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔

اب تک پاکستان میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں مرنے والے افراد کی کل تعداد 6851 ہے۔ پنجاب کے بعد سب سے زیادہ اموات صوبہ سندھ میں 4521 اور خیبر پختونخوا میں 2553 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت