کرکٹ: بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی کی پالیسی جاری

اس پالیسی کا اطلاق خواتین اور مرد دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حق دار بھی ہوں گی(اے ایف پی فائل)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کر دی ہے۔

 بورڈ کے لاہور میں جاری ایک بیان کے مطابق پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق خواتین اور مرد دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو  اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔

اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حق دار بھی ہوں گی۔

زچگی کی چھٹی کے اختتام پر ویمن کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح، اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام اخراجات پی سی بی اور خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہ مرد کرکٹر بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حق دار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ان کے پاس اپنے کھلاڑیوں کے لیے والدین سے متعلق ایک دوستانہ پالیسی موجود ہو تاکہ کھلاڑیوں کو زندگی کے اہم مرحلےمیں مکمل معاونت حاصل ہو اور اس دوران وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بےفکر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے اس پالیسی کا موجود ہونا اور بھی اہم تھا۔ ’خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری خواتین کرکٹرز نے تو عالمی سطح پر ہمارے لیے بہت سے اعزاز حاصل کیے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ ان کے پاس زچگی کی چھٹی کی پالیسی موجود ہے، امید ہے کہ ماضی کی نسبت خواتین زیادہ تعداد میں اس کھیل کی طرف راغب ہوں گی کیونکہ اس پالیسی کے اجرا سے انہیں اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل